قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون کا ساتواں مرحلہ کل شروع،سینٹرل پنجاب سرفہرست

قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون کا ساتواں مرحلہ کل شروع،سینٹرل پنجاب سرفہرست

  



اسلام آباد (اے پی پی) قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون کے ساتویں مرحلے کا آغاز (کل) پیر سے ہوگا اور مخلتف وینیوز پر تین میچ شروع ہوں گے۔ پی سی بی کے زیر اہتمام جاری میگا ٹورنامنٹ کے 19ویں میچ میں سینٹرل پنجاب اور بلوچستان کی ٹیمیں قذافی سٹیڈیم، لاہور میں مدمقابل ہوں گی، سینٹرل پنجاب کی ٹیم ایونٹ میں تین میچ جیت کر 98 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ سندھ اور ناردرن کی ٹیموں کے درمیان میچ نیشنل سٹیڈیم، کراچی میں شروع ہوگا جبکہ خیبرپختونخوا اور سدرن پنجاب کی ٹیمیں ایبٹ آباد کرکٹ سٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔علاوہ ازیں قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون کرکٹ ٹورنامنٹ میں سینٹرل پنجاب کی ٹیم 98 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، سدرن پنجاب دوسرے اور خیبرپختونخوا تیسرے نمبر پر ہے۔ پی سی بی کے زیراہتمام قائد اعظم ٹرافی فور ڈے ٹورنامنٹ کے سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ ملک بھر میں جاری ہے، چھ راؤنڈ مکمل ہونے کے بعد  سینٹرل پنجاب کی ٹیم تین میچ جیت کر 98 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، سدرن پنجاب نے ایک میچ جیتا اور پانچ ڈرا کھیلے، اس طرح وہ 73 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ خیبرپختونخوا تمام چھ میچ ڈرا کھیلنے کے بعد 61 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، بلوچستان 53 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، سندھ 52 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور ناردرن 47 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...