سی پیک کے تحت گوادر میں نئے عالمی ایئرپورٹ پر تعمیراتی کاموں کا آغاز
اسلام آباد(آن لائن) چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت گوادر میں نئے عالمی ایئرپورٹ پر تعمیراتی کاموں کا آغاز ہوگیا ہے،گوادر میں ایئر پورٹ کے تعمیر کے باقاعدہ آغاز کیلئے ہیوی میشنری اور افرادی قوت کو پہنچا دیا گیا ہے‘ عالمی ایئرپورٹ کی تعمیر کے حوالے سے منصوبہ کے ڈیزائن اور فزیبلٹی کا بنیادی کام پہلے ہی مکمل کیا جا چکا ہے۔سی پیک اتھارٹی حکام کے مطابق نئے عالمی ایئرپورٹ کی تعمیر سے سی پیک کے فریم ورک میں ایک اہم مقام حاصل ہو جائیگا جبکہ اس سے گوادر عالمی سطح پر ایوی ایشن کی صنعت کا ایک اہم مرکز بھی بنے گا۔ اس ایئرپورٹ پر A380 بوئنگ سمیت دنیا کے دیگر بڑے سے بڑے جہازوں کی ہینڈلنگ کی سہولیات دستیاب ہوں گی جس کا مقصد عالمی سرمایہ کاروں اور سیاحوں کی آمد و رفت میں سہولیات فراہم کرنا ہے۔اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے موجودہ ایئرپورٹ کے شمال مشرق میں 26 کلومیٹر دوری پر 3ہزار ایکڑ زمین کی نشاندہی کی ہے۔ نئے ایئرپورٹ کو عالمی سٹیٹس حاصل ہوگا جو اوپن سکائی پالیسی کے تحت چلایا جائیگا، اسی دوران موجودہ ایئرپورٹ کو بھی بڑے طیاروں کی آمد و رفت کے قابل بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔