پاکستان سٹیزنز پورٹل پر نامعلوم افراد کی شکایات،لاہور ہائیکورٹ نے حکومت کو کارروائی کرنے سے روک دیا

پاکستان سٹیزنز پورٹل پر نامعلوم افراد کی شکایات،لاہور ہائیکورٹ نے حکومت کو ...

  


لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہورہائی کورٹ نے وزیراعظم کے پاکستان سٹیزنز پورٹل پر نامعلوم افرادکی شکایات پرحکومت کوتاحکم ثانی کارروائی سے روک دیا،مسٹر جسٹس سید مظاہر علی اکبرنقوی نے یہ عبوری حکم علامہ اقبال میڈیکل کالج کے پروفیسر آف سرجری ڈاکٹرفاروق احمد رانا کی درخواست پر جاری کیا،فاضل جج نے وفاقی حکومت، وزیراعظم سیکرٹریٹ اورڈائریکٹرایف آئی اے (سائبرکرائم)سے 20نومبر تک رپورٹ اور تفصیلی جواب بھی طلب کرلیا۔فاضل جج نے قراردیا درخواست میں اٹھایا گیا معاملہ عوامی اہمیت کا حامل ہے، اس لئے مدعاعلیہان سے جواب طلب کیا گیاہے،درخواست میں موقف اختیار کیا گیاہے کہ پاکستان سٹیزنز پورٹل کاقیام اور اس کے تحت کی جانیوالی کارروائیوں کا کوئی قانونی جواز نہیں،وزیراعظم نے پاکستان سٹیزنز پورٹل قائم کرکے لوگوں کو براہ راست وزیراعظم سیکرٹریٹ سے شکایت کرنے کا متوازی نظام دیدیاہے لیکن اس بابت واضح رہنما اصول فراہم نہیں کئے گئے جو بنیادی آئینی حقوق کے منافی ہیں،یہ پورٹل اوراس کے تحت کی جانیوالی کارروائیوں کی پشت پر کوئی قانون موجود نہ ہی اسے قانونی تحفظ حاصل ہے،عدالت نے فوری نوٹس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل کو طلب کیا جنہوں نے عدالت کو بتایا پاکستان سٹیزنز پورٹل شہر یوں کی شکایات کے فوری ازالہ کا میکنزم فراہم کرتاہے،درخواست گزار کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا کہ وہ علامہ اقبال میڈیکل کالج کے پرنسپل کی ہدایت پر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کیخلاف انکوائری کررہے ہیں،جس کے بعدپاکستان سٹیزنز پورٹل پر درخواست گزار کیخلاف نامعلوم افراد کی طرف سے متعدد شکایات درج کروائی گئیں،نامعلوم افراد کی شکایات پر مجھے انکوائری بھگتنا پڑ گئی اور میری ساکھ کو نقصان پہنچا،اگر نامعلوم افراد کی شکایات پر حکومت کی طرف سے کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہتا ہے تودرخواست گزار کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتاہے۔درخواست میں پاکستان سٹیزنز پورٹل اور اس کے تحت کی جانیوالی کارروائیوں کو کالعدم کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔درخواست میں عبوری حکم امتناعی کی استدعابھی کی گئی،فاضل جج نے حکومت کو تاحکم ثانی پاکستان سٹیزنز پورٹل پر کی گئی نامعلوم افراد کی شکایات پر کارروائی سے روک دیا، عدالت نے حکومت،وزیراعظم سیکرٹریٹ اور ایف آئی اے سے تفصیلی جواب اور رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت20نومبر پر ملتوی کردی۔

مزید :

علاقائی -