نبی آخرالزماں ؐ کا اسوہ حسنہ نوع انسانی کیلئے مشعل راہ ہے،اسلم اقبال
لاہور(فلم رپورٹر)صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت میاں اسلم اقبال نے کہاکہ دو نہیں ایک پاکستان وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے پاکستان میں انصاف، میرٹ اور قانون کی بالادستی ہوگی۔ این آر او کا مطلب مقدمات واپس لینا ہے اور میرا قائد کسی کرپٹ کو این آر او دینے کا سوچ بھی نہیں سکتا -کسی کی بیماری پر سیاست نہیں کرنا چاہتے، دعا ہے کہ اللہ تعالی نواز شریف کو صحت عطا فرمائے -نیب آزاد ادارہ ہے - نوازشریف اگر علاج کیلئے باہر جارہے ہیں تو انہیں واپس آکر مقدمات کا سامنا کرنا پڑے گا -حکومت پاکستان نے کرتار پور راہداری کھول کر سکھ برادری کو ایک عظیم تحفہ دیاہے دوسری جانب بھارتی عدالت نے بابری مسجد کی جگہ مندر کی تعمیر کا فیصلہ دے کر مسلمانوں کی دل آزاری کی ہے اور اس فیصلے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے -اس فیصلے سے دنیا بھر میں بھارت کا نام نہاد لبرل ازم کا چہرہ بے نقاب ہوا ہے - صوبائی وزیر نے ان خیالات کااظہار الحمراہال میں رحمانی ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام سالانہ تقریب تقسیم انعامات اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت میاں اسلم اقبال نے عید میلادالنبی ؐکے موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ 12 ربیع الاول کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی زندگیاں سیرت النبی ؐکے مطابق گزاریں، آج کا دن اسلام کا ہی نہیں بلکہ پوری کائنات اور انسانیت کیلئے عظیم ترین دن ہے -آج دنیا کی اس عظیم ہستی کا یوم ولادت ہے جس نے مختصر مدت میں دنیا کی کایا پلٹ دی -نبی آخرالزماں کا اسوہ حسنہ بنی نوع انسان کیلئے مشعل راہ ہے۔قبل ازیں بلدیہ عظمی لاہور کے زیر اہتمام لاہور آرٹس کونسل الحمرا کے تعاون سے یوم اقبال کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔صوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت میاں محمد اسلم اقبال نے تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ علامہ اقبال نے مسلمانوں کیلئے نئے وطن کا نظریہ دیا،اسلام کے حقیقی پیغام کو سمجھنے کے لئے بھر پور خدمات انجام دیں،شاعر مشرق کا شمار ان لوگوں میں ہوتا ہے جن کی عظمت کے مغرب و مشرق یکساں طور پر معترف ہیں،ہمیں اپنے اجداد کے خواب کو پورا کرنے کے لئے بھر پور محنت کرنا ہوگی، اقبال کی تعلیمات کے مطابق مل کر اپنے ملک وقوم کی ترقی کے لئے آگے بڑھیں۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت وزیر اعلی آفس میں ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول کا اجلاس منعقد ہوا - جس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتو ں کی مانیٹرنگ، ٹاسک فورس کے فیصلو ں پر عملدرآمد اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیاگیا -اجلاس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعداد بڑھانے اور مانیٹرنگ کے عمل میں سیاسی شخصیات کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے - اجلاس میں سبزی کے کاشتکاروں کو آڑھتی کے شکنجے سے نکالنے کیلئے آسان شرائط پر قرضوں کی تجویز پربھی غورکیاگیا۔
اسلم اقبال