نبی اکرمؐ کی محبت کا تقاضا ہے ہم اختلاف کو مفاہمتی حکمت عملی کے تحت حل کریں:عثمان بزدار

نبی اکرمؐ کی محبت کا تقاضا ہے ہم اختلاف کو مفاہمتی حکمت عملی کے تحت حل ...

  



لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے نبی آخرالزماں حضرت محمدؐ کی ولادت باسعادت کے پرمسرت موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباددیتے ہوئے کہاہے کہ اللہ تعالیٰ نے نبی کریم حضرت محمدؐکو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجااور آپؐ کی زندگی کو مجسم قرآن قرار دیا گیا ہے جس میں امت کیلئے مکمل رہنمائی اور ہدایت موجود ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عید میلادالنبیؐ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ حضرت محمدؐ کا کردار اور تعلیمات پوری زندگی کا احاطہ کرتی ہیں۔ محسن انسانیت حضرت محمدؐ اپنے اعلیٰ کردار اور اسوہ حسنہ کے ذریعے دنیا کیلئے ایک مثال بنے اور حضوراکرمؐ نے مختصر مدت میں مثالی سماجی اور معاشی نظام دیا۔ نبی آخرالزماں ؐ نے امن وآشتی، احترام انسانیت، مساوات، عفوودرگزراور عدل و انصاف کا درس دیا۔ حضوراکرمؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کرمعاشرے سے ظلم،زیادتی،ناانصافی اوربدامنی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آپ ؐ کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہوکر پاکستان کو درپیش تمام مسائل سے نجات دلا کرامن کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے۔

 رسولِ اکرمؐ کی سنت سے مسائل کا حل افہام و تفہیم اور مکالمے کے ذریعے نکالنے کا درس ملتا ہے۔ نبی اکرمؐ کی محبت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے اختلافات کو مفاہمتی حکمت عملی کی روشنی میں حل کر یں۔ یہ دن امت مسلمہ کو قرآن و سنت کی تعلیمات پر حقیقی معنوں میں عمل پیرا ہونے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے اورہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ اپنی زندگیوں کو نبی آخرالزماں ؐکی تعلیمات کے مطابق بسر کریں گے۔  کرتار پورراہداری منصوبے کے افتتاح کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرتار پورراہداری کا منصوبہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا تاریخ ساز اقدام ہے اورکرتار پور راہداری حکومت پاکستان کا سکھ برادری کیلئے بے مثال تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام اور پاکستان کے آئین میں اقلیتوں کے حقوق کا مکمل تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔ بھارتی سپریم کورٹ کے بابری مسجد سے متعلق فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بھارتی سپریم کورٹ کا بابری مسجد کے بارے میں فیصلہ مسلمانوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ اس فیصلے سے انصاف کا قتل ہوا ہے اور مسلمانو ں کی دل آزاری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کھلا پیغام دیا ہے کہ اس کی زمین پر مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کیلئے کوئی جگہ نہیں۔ مودی سرکار اور انتہاپسند ہندوؤں نے دباؤ ڈال کر اپنے حق میں فیصلہ کرایا ہے اور اس فیصلے سے ہندوستان میں مقیم اقلیتیں مزید غیر محفوظ ہو گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارت کے سیکولر ریاست ہونے کا دعویٰ ملیامیٹ ہو گیا ہے اور بھارتی عدالت کے فیصلے کے اثرات مودی سرکار کو لے ڈوبیں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سے اراکین قومی اسمبلی صاحبزادہ محمد محبوب سلطان اور محمد امیر سلطان نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک برس کے دوران صوبے کی پائیدار ترقی کی ٹھوس بنیاد رکھ دی ہے اورعوام کو ریلیف دینے کیلئے متعلقہ محکموں کو متحرک کیا گیاہے۔انہوں نے کہا کہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی جاری ہے۔مجھے سب سے زیادہ اپنے صوبے کے عوام کا مفاد عزیز ہے اور عوام کو مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے مافیا کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔ منتخب نمائندے بھی عوام کو ریلیف دینے کے لئے کئے جانے والے ا قدامات کی خود نگرانی کریں۔مزید برآں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارنے آئی بی ایس ایف ورلڈسنوکر چیمپئین شپ جیتنے پر محمد آصف کو مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ محمد آصف نے بہترین صلاحیتوں اورمہارت کا مظاہرہ کر کے پاکستان کا نام روشن کیا ہے اورمحمد آصف کی اس کامیابی پر قوم کو فخر ہے۔

سردارعثمان بزدار

مزید : علاقائی


loading...