مسائل سے نبرد آزما ہونے کیلئے پیغامِ اقبالؒ کی پیروی ضروری ، صدر، وزیر اعظم

 مسائل سے نبرد آزما ہونے کیلئے پیغامِ اقبالؒ کی پیروی ضروری ، صدر، وزیر اعظم

  



 اسلام آباد (این این آئی)صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے یوم اقبال کے موقع پر اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ مسائل سے نبرد آزما ہونے کیلئے پیغام اقبال کی پیروی انتہائی ضروری ہے اور لازم ہے کہ قوم تمام تر اختلافات بھلاکر موجودہ مسائل کے حل کیلئے متحد ہوکر محنت کرے۔ علامہ اقبال نے مسلمانان برصغیر کو ایک آزاد اور خود مختار اسلامی ریاست کے قیام کا راستہ دکھایا، صدر عارف علوی نے نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مسائل سے نبرد آزما ہونے کیلئے اقبال کے پیغام کی پیروی ضروری ہے، اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر پاکستان کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سب مل کر محنت کریں۔صدر عارف علوی نے علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں میں ایک نئی روح پھونکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاعر مشرق نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک نئے وطن کا نظریہ دیا، اسلام کے حقیقی پیغام کو سمجھنے کے لیے بھرپور خدمات انجام دیں۔صدر مملکت نے کہا کہ علامہ اقبال کے پیغام کی سب سے زیادہ ضرورت آج ہے، اپنے اجداد کے خواب کو پورا کرنے کے لیے مزید محنت کرنے کا عزم کریں اور اقبال کی تعلیمات کے مطابق مل کر ملک و قوم کی ترقی کے لیے آگے بڑھیں۔دریں اثناء گزشتہ روز ہفتہ کو  وزیر اعظم عمران خان نے یوم اقبال کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام  میں کہاکہ شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے یوم پیدائش کے موقع پر پوری قوم اور ملت اسلامیہ مفکر اسلام کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ علامہ محمد اقبال ؒکی شخصیت نے ایسے وقت میں مسلمانان بر صغیر کو ایک آزاد اور خودمختار اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کا راستہ دکھایا جب وہ غلامی کے اندھیروں اور ہندو اکثریت کے ظلم و نا انصافی کا شکار ہو کر منزل کا سراغ کھو بیٹھے تھے۔ آپ کے افکار نے مسلمانوں میں امید کی وہ شمع روشن کی جس کی روشنی سے منزل کا تعین ہوا اور بعد ازاں قائد اعظم محمد علی جناح کی عظیم قیادت میں برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں نے بے شمار قربانیاں دے کر دنیا کے نقشے پر ایک آزاد اور خودمختار مسلم ریاست کا قیام ممکن بنایا۔علامہ محمد اقبال ؒ کے افکار عالمگیر حیثیت کے حامل ہیں، امت مسلمہ کو درپیش مختلف مسائل کی نشاندہی کرنے اور ساتھ ہی ان مسائل کا حل آپ کے شہرہ آفاق شعری مجموعوں اور کلام میں پنہاں ہے۔ آپ کاخودی کاتصور  مسلمان کوبحیثیت مومن انفرادی اور اجتماعی طور پر اس قدر قوت بخشتا ہے جس کی بدولت دنیا میں عمل کے ذریعے  فلاح اور ملت کو اقوام عالم میں سنہری مقام حاصل ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ آج ہمیں بحیثیت قوم اور امت مسلمہ مختلف نوعیت کے چیلنجز درپیش ہیں۔ یہ شاعر مشرق کی دور اندیشی تھی جب انہوں نے ایسے انفرادی اور اجتماعی  مسائل کی نشاندہی کی جن کا ہمیں موجودہ دور میں سامنا ہے۔ آپ نے دور جدید کے تقاضوں کو اجاگر کیا، جمہوری اقدار اور ترقی کے رہنما اصولوں پر عمل کرتے ہوئے فرد اور ملت کو معاشرے اور ریاست میں ہم آہنگی کے ذریعے موثر  کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔انہوں نے کہاکہ آج ہمیں علامہ محمد اقبالؒ کے افکار اور تصورات کی طرف نہ صرف رجوع کرنے بلکہ ان پر مکمل طور پر عمل پیرا ہو کر اپنے سماجی، معاشی اور سیاسی مسائل کا حل نکالنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم اپنے عظیم ملک کو ایک ایسی ترقی یافتہ اسلامی فلاحی ریاست بنائیں جو مسلم تہذیبی شناخت کو مزید پروان چڑھائے اور ان آفاقی حیثیت کی حامل اعلی ترین اخلاقی اقدار کا عملی نمونہ ہو جن کی بنیاد ریاست مدینہ میں رکھی گئی تھی۔

صدر/ وزیر اعظم

مزید : علاقائی


loading...