حکومت نے بجلی صافین کیلئے بجٹ میں 206ارب روپے کی سبسڈی دی:عمر ایوب
اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر موجودہ حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد سے اب تک بجلی کے صارفین کے لئے بجٹ میں 206 ارب روپے کی سبسڈی دی ہے، رواں موسم سرما میں نومبر سے فروری تک کے مہینوں میں بجلی کے بلوں میں اضافی یونٹس کے استعمال پر 11.97 روپے فی یونٹ رعایتی پیکج دیا جائے گا جس سے گھریلو، کاروباری اور صنعتی صارفین مستفید ہوں گے، 300 یونٹ سے کم کے زرعی صارفین کو خصوصی سبسڈی دی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی سیکرٹری توانائی عرفان علی کے ہمراہ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ موسم سرما کی آمد کے پیش نظر زرعی ٹیوب ویلز، کاروباری اور گھریلو صارفین کے علاوہ صنعتی صارفین کے لئے بھی رعایتی بجلی نرخوں کا اعلان کیا گیا ہے جس کے مطابق اضافی بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 11.97 روپے فی یونٹ کے حساب سے بجلی فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اضافی بجلی کے صارفین کی تعداد کل صارفین کی تعداد کا 31.19 فیصد بنتے ہیں جبکہ 22 فیصد صنعتی صارفین بھی اس سہولت سے مسفید ہوں گے جس سے صنعتی پہیہ چلے گا، پیداوار بڑھے گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ وفاقی سیکرٹری توانائی عرفان علی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 300 یونٹ پر نارمل ریٹ ہو گا اور اس سے سلیب بڑھے گی تو 11.97 فی یونٹ کا ریٹ لاگو ہو گا جو کہ موسم سرما میں بجلی کا صرف بڑھنے کے اعتبار سے ایک رعایتی نرخ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے صارفین کو سہولت کے ساتھ ساتھ ہماری وصولیاں بھی بڑھیں گی، گردشی قرضے کم ہوں گے اور ہر نوعیت کے صارفین کو فائدہ ہو گا۔ وفاقی سیکرٹری نے کہا کہ اس اقدام سے توانائی کے شعبے کے ساتھ ساتھ معیشت بھی پروان چڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ نومبر سے فروری تک بجلی کا استعمال بڑھ جاتا ہے اور اضافی بجلی کے استعمال پر متعارف کردہ رعایتی پیکج صارفین کے لئے ریلیف کا کام دے گا۔
عمر ایوب