ڈرامہ سیریل”جی ٹی روڈ“میں عثمان راج کے کردار کی دھوم
لاہور(فلم رپورٹر)اداکار عثمان راج کے کردار نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کردیئے۔عثمان راج کی ڈرامہ سیریل’جی ٹی روڈ‘ ان دنوں اے پلس سے نشر کی جارہی ہے جس کے پروڈیوسر خرم ریاض اور ڈائریکٹر دلاور ملک ہیں جبکہ کاسٹ میں اسماء عباس، شائستہ جبیں،خالد بٹ، کاشف محمود،عنایت خان، سونیا مشعال،میمونہ قدوس،سنبل شاہد، ثمینہ بٹ، افراء خان، عثمان راج، فائزہ ملک،اجمل دیوان، سعد رشید، آمنہ راہی اور اعجاز اسلم شامل ہیں۔سیریل میں عثمان راج خالد بٹ اور اسما عباس کے بیٹے کا کردار کررہے ہیں جن کے بھائیوں میں کاشف محمود،وقاص عباس اور عنایت خان شامل ہیں۔ عثمان راج کا کردار دودھ دہی اور پرچون کی دوکان کرنے والے نوجوان کا ہے جو اپنے محلے میں بے حد مقبول اور ہر دلعزیز ہے۔
ڈرامے میں شامل ان کے کئی ڈائیلاگ زبان زد عام ہیں جن میں ’بس ایک فسٹ لگنے کی دیر ہے‘ اور’60 روپے میں پوری دوکان نہ دے دوں‘شامل ہیں۔اس بارے میں عثمان راج کا کہنا ہے کہ مجھے صحیح معنوں میں پہچان اس سیریل سے ملی ہے جس کا سارا کریڈٹ خرم ریاض اور دلاور ملک کو جاتا ہے۔
جس کے ساتھ ساتھ میرے والدین کی دعائیں بھی شامل ہیں۔ایک سوال کے جواب میں عثمان راج نے بتایا کہ ان کی پہلی فلم’چھولے آسماں‘کا ٹریلر جلد ہی لانچ کیا جائے گا۔