گراں فروشی، ناقص کارکردگی پرپرائس مجسٹریٹس کوشوکاز نوٹس دینے کاحکم
ملتان(سٹاف رپو رٹر)ملتان میں گراں فروشی جاری ہے‘ کمشنر ملتان نے ناقص کارکردگی کے حامل پرائس مجسٹریٹس کو شوکاز نوٹس دینے کا حکم دے دیاہے اور تنبیہ کی ہے کہ بڑے ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں پر ہاتھ ڈالیں‘چینی، آٹے کی مصنوعی قلت کرنیوالے مافیا کو بے نقاب کریں اور سخت قانونی کارروائی کریں۔بتایا گیا ہے کہ کمشنر افتخار سہو کی ہدایت پر ڈویژن بھر میں 15 اہم بازار(کریٹیکل مارکیٹس) مختص کر دئیے گئے۔ تمام بازاروں میں پرائس کنڑول مجسٹریٹس فوکل پرسنز بھی مقرر کر دیے گئے جو شہریوں کو اشیاء ضروریہ کی ارزاں نرخوں میں دستیابی کو یقینی بنانے اور مصنوعی مہنگائی کنڑول کرنے کے ذمہ دار ہوں گے۔ اس سلسلے میں تمام متعلقہ اضلاع میں نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا جس کے مطابق ضلع ملتان میں 5،وہاڑی 3(بقیہ نمبر7صفحہ12پر)
،لودھراں 3 اور خانیوال میں 4 کریٹیکل بازار مختص کئے گئے ہیں۔ ان تمام بازاروں میں عوامی رش کو مدنظر رکھ کر کریٹیکل بازار کا درجہ دیا گیا ہے۔علاوہ ازیں ڈویژن بھر میں گراں فروشوں،ذخیرہ اندوزوں کے خلاف مہم کے تیسرے روز ملتان ڈویژن میں گراں فروشوں پر 2150چھاپے مارے گئے جس میں خانیوال میں 349،لودھراں 1098،ملتان 436،وہاڑی میں 267 چھاپے مارے گئے۔ڈویژن بھر میں 3گراں فروش گرفتار کئے گئے جبکہ 5لاکھ سے زائد کے جرمانے بھی کئے گئے۔کمشنر ملتان افتخار علی سہو، متعلقہ ڈپٹی کمشنر ز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے منڈیوں میں نیلامی کے عمل کا از خود جائزہ لیا۔اس موقع پر کمشنر ملتان ڈویژن افتخار علی سہو نے کہا کہ روٹی، چینی کی زائد قیمت وصول کرنے والے گراں فروشوں کو فوری گرفتارکیا جائے۔ عام آدمی کی فلاح کے لئے بڑے ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں پر ہاتھ ڈالیں۔ چینی، آٹے کی مصنوعی قلت کرنیوالے مافیا کو بے نقاب کریں اور سخت قانونی کارروائی کریں۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اشیاء ضروریہ کی فراہمی ارزاں نرخوں پر یقینی بنائیں، بصورت دیگر سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ تمام پرائس مجسٹریٹس از خود فیلڈ میں نظر آئیں۔ کمشنر آفس میں قائم فیڈ بیک میکینزم پر سب کی حاضری اور کارروائی مانیٹر کی جارہی ہے غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، کارکردگی بہتر نہ کرنے والے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو شوکاز نوٹس دیئے جائیں۔ کمشنر نے مزید کہا کہ جوریٹ بنایا جائے اس پر سختی سے عمل درآمد کروائیں۔ تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ناپ تول کے پیمانے بھی چیک کرنے جبکہ ضلعی افسران منڈیوں میں نیلامی کے عمل کو مانیٹر کریں۔ تمام سٹورز پر سرکاری نرخ واضح آویزاں کروائے جائیں اور عدم موجودگی کی صورت میں جرمانہ کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ متعدد گراں فروشوں کو لاکھوں روپے جرمانے کئے گئے، اب حوالات کی باری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری 080002345پر قیمت پورٹل پر شکایت درج کرواسکتے ہیں۔
نوٹس