ملتان، بہاولپور،ڈیرہ میں میٹرک ضمنی امتحان کے نتائج کااعلان
ملتان+ڈیرہ+ بہاولپور(سٹاف رپورٹر+نمائندہ خصوصی+ بیورو رپورٹ)تعلیمی بورڈ ملتان کے زیر اہتمام ہونے والے میٹر ک کے ضمنی امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیاگیا۔جاری اعلامیہ کے مطابق امتحان کیلئے 6 ہزار 390امیدواروں نے فارم جمع کرائے جن میں سے 6 ہزار285امیدوارامتحان میں شریک ہوئے جن میں سے 3ہزار 267امیدوار پاس ہوئے۔ کامیابی کا تناسب 51.98فیصد رہا، سائنس گروپ میں 4ہزار 875امیدوار شریک ہوئے جن میں سے 2ہزار 562 پاس ہوئے۔ کامیابی کا تناسب 52.55فیصد رہا، آرٹس گروپ میں ایک ہزار410امیدوار شریک ہوئے جن میں سے 705پاس ہوئے۔(بقیہ نمبر45صفحہ12پر)
کامیابی کا تناسب 50فیصد رہا۔امتحان میں بوائز میں 20امیدواروں نے اے پلس، 29نے اے، 124 نے بی،800نے سی ،814نے ڈی گریڈ حاصل کیا، گرلز امیدواروں میں 7 نے اے پلس، 25اے، 87بی، 427نے سی اور225نے ڈی گریڈ حاصل کیا۔دریں اثنا میٹرک کے سالانہ امتحانات 2020کا انعقاد 22فروری سے ہوگا۔ کنٹرولر امتحانات تعلیمی بورڈملتان ڈاکٹر ظفر اقبال طاہر نے بتایا کہ میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے امتحانات کو پیچھے لایا جارہا ہے اس کا مقصد تعلیمی سیشن کو پیچھے لانا ہے تاکہ صورتحال میں بہتری آسکے‘ انہو ں نے بتایا کہ اس سے قبل میٹرک کے سالانہ امتحانات 2مارچ سے شروع ہوتے تھے۔اس بار2020میں یہ امتحانات 22فروری سے شروع ہوں گے جبکہ نہم کے امتحانات بھی پہلے شروع کئے جائیں گے اور ان کے نتائج کا اعلان بھی پہلے ہی کر دیا جائے گا۔ پریکٹیکل امتحانات بھی گزشتہ شیڈول کی نسبت پہلے ہی شروع کئے جائیں گے اور جلد اختتام پذیر کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں صوبے بھر کے تعلیمی بورڈ ز کے کنٹرولرز امتحانات کی میٹنگ ہوگی جس میں نہم امتحانات کے شیڈول کو فائنل کیاجائے گا اور یہ امتحانات صوبے بھر میں ایک ساتھ شروع ہو ں گے۔ دریں اثنا تعلیمی بورڈ حکام کے مطابق میٹرک و انٹر میڈیٹ سالانہ امتحان 2019پاس کرنے کے بعد فرسٹ ائر اور تھرڈائر میں داخلہ لینے والی ایسی طالبات جنہوں نے میٹرک /انٹر میڈیٹ سالانہ امتحان میں ریاضی کے مضمون میں کم از کم 60فیصد نمبر حاصل کئے ہیں اورفرسٹ ائر اور تھرڈ ائر میں ریاضی کو بطور مضمون اختیار کیا ہے‘ وہ ریاضی وظیفہ کے لئے درخواست اپنے ادارے کے توسط سے25نومبر تک ارسال کریں‘نیزمیٹرک و انٹرمیڈیٹ کے رزلٹ کارڈ کی مصدقہ فوٹو کاپی بھی درخواست کے ساتھ لف کریں۔ مزید براں تعلیمی بورڈ ملتان نے نویں جماعت کے تمام رزلٹ کارڈز آن لائن کر دئیے ہیں‘ اس سلسلے میں کہا گیا ہے کہ ریگولر امیدوار اپنے اداروں کی توسط سے رزلٹ کارڈ کا پرنٹ لے سکتے ہیں جبکہ پرائیویٹ امیدوار ویب سائٹ سے ڈاون لوڈ کرسکتے ہیں 30نومبر کے بعد یہ پورٹل بند کردیا جائے گااور قانون کے مطابق بورڈ سے فیس کی ادائیگی کے بعد رزلٹ کارڈ جاری کئے جائیں گے۔ کنٹرولر امتحانات حبیب الرحمن گاڈی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شفاف ایرر فری نتائج کے لیے چیئر پرسن بورڈ ہذا ڈاکٹر کشور ناہید رانا کی ہدایات اور بورڈ ایمپلائز کی شب و روز کی محنت کا نتیجہ ہے انہوں نے بتایا کہ میٹرک ضمنی امتحان2019میں 3891امیدواران نے شرکت کی جس میں 2202امیدواران نے کامیابی حاصل کی اور شرح کامیابی 56.59فیصد رہی، کنٹرولر امتحانات حبیب الرحمن نے بتایا کہ پاس ہونیوالے میں 1377طلباء جبکہ 825طالبات شامل ہیں اور مذکورہ امتحان کے دوران دو کیس UMCجوکہ انڈر ٹرائیل ہیں میٹرک ضمنی امتحان 2019میں فیل ہونیوالے امیدوار 2020میں شروع ہونیوالے میٹرک سالانہ امتحان میں شمولیت کے لیے 11نومبر سے سنگل فیس کے ساتھ داخلہ بھجوا سکتے ہیں اور ری چیکنگ کے خواہشمند امیدوار24نومبر تک آن لائن اور ہارڈ کاپی کی صورت میں درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چیئر پرسن بورڈ ہذا ڈاکٹر کشور ناہید رانا اور انکی ٹیم نے دن را ت محنت کی اور شفاف اور طلبہ و طالبات کو ایرر فری نتائج کی فراہمی میں اپنا اہم کردار ادا کیاہے جناب چیئر پرسن ڈاکٹر کشور ناہید کی خصوصی ہدایات پر امیدواران کو باقاعدگی سے ری چیکنگ بھی کرائی جا ئے گی۔ اس کے علاوہتعلیمی بورڈ بہاولپور کے زیر اہتمام منعقدہ امتحان میٹرک سپلیمنٹری 2019ء کے نتائج کا اعلان کیا گیا ہے۔کنٹرولر امتحانات بورڈ طاہر حسین جعفری نے کیا۔ تفصیلات کے مطابق امتحان میں 6337امیدواران نے شرکت کی جبکہ 3248 امیدواران امتحان میں کامیاب ہو سکے اس طرح مجموعی طور پر نتیجہ کا تناسب 51.25% رہا۔چیئرمین بورڈ ڈاکٹرمحمد مظہر سعید نے اس موقع پر امتحان سے متعلقہ سٹاف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مزید بہتری اور انسانی خدمت کو شعار بنانے پر زور دیا۔نتائج کی تفصیلات بورڈ کی ویب سائیٹ www.bisebwp.edu.pk پر ملاحظہ کی جا سکتی ہیں۔