ڈیرہ،ایک کروڑ 20 لاکھ  کے چلغوزے چوری کرنیوالے  2 گرفتار،23 بوریاں برآمد

ڈیرہ،ایک کروڑ 20 لاکھ  کے چلغوزے چوری کرنیوالے  2 گرفتار،23 بوریاں برآمد

  



ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ)جنوبی وزیرستان وانا بازار سے تین روز قبل مسلح ڈکیتی کی واردات میں 1کروڑ20لاکھ سے زائد قیمت کی  چلغوزے کی23بوریاں اٹھاکر واردات کرنے والے 2ملزمان گرفتار اور چلغوزے کی 23بوریاں برآمد کرلی گئیں، ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) فیروز شاہ کا ایس ایچ او وانا عثمان وزیر سمیت دس رکنی پولیس ٹیم کیلئے سی سی 2انعام کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق 6اور 7نومبر 2019کی  درمیانی شب وانا بائی پاس کے قریب واقع ایک گودام سے 8سے9ملسح افراد نے اسلحہ کی نوک پر گودام میں موجود چلغوزے کی23بوریاں جس کی مالیت1کروڑ 26لاکھ50ہزار روپے بتائی جاتی ہے اٹھا کر لے گئے۔ گودام کے مالک کی رپورٹ پر وانا پولیس نے نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کیا۔ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) فیروز شاہ نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او وانا عثمان وزیر کی قیادت میں ایک دس رکنی خصوصی تفتشی ٹیم تشکیل دی جس نے دوران تفتیش ڈیرہ اسماعیل خان سے ایک ملزم کو گرفتار کیا،گرفتار شخص کی نشاندہی پر وانا بازار سے تین بوری چلغوزہ برآمد کرلیا۔ جس کے بعد گرفتار ملزم کی نشاندہی پر جنوبی وزیرستان کی تحصیل شکئی میں شانگلہ پہاڑی کے مقام پر چھاپے کے دوران مزید 20بوری چلغوزہ برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا جو ان بوریوں کو کسی دوسری جگہ منتقل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔  ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) فیروز شاہ نے بروقت کاروائی اور کروڑوں مالیت کی چوری کا سراغ لگا کر ملزمان کی گرفتاری پر ایس ایچ او وانا عثمان وزیر سمیت دس رکنی تفتشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے پولیس ٹیم کیلئے سی سی 2انعام کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ جنوبی وزیرستان کی تاریخ کی اس انوکھی واردات کے ملزمان کی گرفتاری اور مسروقہ سامان کی برآمدگی سے محکمہ پولیس کا نام روشن ہوا ہے اور برآمدگی و ملزمان کی گرفتاری سے عوام کو پولیس کا اعتماد بڑھا ہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...