عثمان ڈار احمقانہ ریمارکس پر پخٹون قوم سے معافی مانگے:محمد علی شاہ باچہ

عثمان ڈار احمقانہ ریمارکس پر پخٹون قوم سے معافی مانگے:محمد علی شاہ باچہ

  



بٹ خیلہ(بیورورپورٹ)  پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنماء اور سابق ممبر صوبائی اسمبلی سید محمد علی شاہ باچہ نے کہا ہے کہ عثمان ڈار احمقانہ ریمارکس اور پختون قوم سے متعلق توہین آمیز اور مضحکہ خیز رویے پر پختون قوم سے معافی مانگے۔عمران خان کے مشیر کی جانب سے پختونوں کے خلاف توہین آمیر باتیں کرنے سے ان کے سیاسی تربیت کی عکاسی ہوتی ہے اور ثابت ہوگیا ہے کہ پی ٹی آئی کے کارکن نازیبا، گستاخانہ اورغیر اخلاقی رویے میں اپنے قائد عمران خان کی پیروی کر رہے ہیں۔ پریس کلب آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق ممبر صوبائی اسمبلی سید محمد علی شاہ باچہ نے کہا کہ عثمان ڈار اپنا لسانی تعصب اور اپنے کم ظرفی کو چھپا نہ سکا اور نہ ہی انہیں سمجھ آیا ہے کہ پی ٹی آئی کو سب سے زیادہ ووٹ پختونوں نے دئیے ہیں اور آج بھی پی ٹی آئی کی حکومت پختونوں کی مرہون منت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عثمان ڈار نے وفاقی کابینہ میں شامل اکثریتی پختون وزراء کے مُنہ پر تھپڑمارا ہے اور پختون وزراء کا بھی لحاظ خاطر نہیں کیا۔ سید محمد علی شاہ باچہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے حکومت کے قیام سے لیکر موجودہ دھرنا سمیت تمام مسائل کے حل میں پختون وزراء پیش پیش ہیں لیکن بدقسمتی سے اقتدار کے نشے میں مست یہی وزراء اپنے اور پختون قوم کی بے عزتی بخوشی برداشت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پختونوں کو سمجھنا ہوگا کہ پی ٹی آئی نے انہیں ہر میدان میں مایوس اور رسوا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سو کے کمبل کی پچاس روپے میں بیچنے کا طعنہ دینے والے یہ بھول گئے ہیں کہ ان کے قائد اور سلیکٹڈ وزیر اعظم نے بھی کروڑ وں نوکریوں اور لاکھوں گھروں کے تعمیر سمیت عوام کو شیخ چلی کے خواب دکھائے لیکن بات انڈوں اور مرغیوں کی پراجیکٹ پر ختم ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے قائدین اخلاقیات سے عاری ہیں اور ان سے عزت اور اعلیٰ ظرفی کی توقع نہیں کی جاسکتی۔ سید محمد علی شاہ باچہ نے کہا کہ عثمان ڈار اپنے توہین آمیر الفاظ و رویے پر پختون قوم سے معافی مانگے کیونکہ پاکستان کا وقار پختون قوم سے ہے اور ہمیشہ انہوں نے ہی ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے جبکہ بھارت میں یہاں سے زیادہ پنجابی بستے ہیں لیکن اس کے باوجود ان کا شمار اقوام میں بھی نہیں کیا جاتا۔ 

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...