ایڈورڈ کالج میں اساتذہ کی ہڑتال گورنر کی یقین دہانی کے بعد موخر
پشا ور (سٹی رپورٹر)ایڈورڈز کالج میں جاری اساتذہ اور طلبہ کی جانب سے جاری ہڑتال گورنر خیبر پختونخو ا،ڈاکٹر شعیب سیڈل،ڈاکٹر رمیش کمار اور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کی طرف سے بورڈ اجلاس بلانے اور کالج کے مسائل جلد از جلد حل کرانے کی یقین دہانی کے بعد معطل جبکہ اساتذہ نے ہڑتال کی وجہ سے پڑھائی متاثر ہونے کے حوالے سے اضافی کلاسز لینے کا فیصلہ بھی کیا ہے گزشتہ روز گورنر ہاوس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جسکی صدارت گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے کی اجلاس میں وزیر اعلیٰ محمود خان سپریم کورٹ کی جانب سے اقلیتوں کے حقوق کیلئے قائم کردہ شعیب سیڈل کمیشن چئیرمین شعیب سیڈل،وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر رمیش کمار،سیکرٹری ہائر ایجوکیشن منظور خان،سیکرٹری ٹو گورنر نظام الدین اور پی ایس او شہاب علی شاہ نے شرکت کی۔اجلاس میں کالج کی بہتری کیلئے اہم فیصلے کئے گئے اور اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ بورڈآف گورنرز کو اساتذہ سمیت تمام سٹاف اور طلبہ کا مستقبل و وقار عزیز ہے اور ایڈورڈز کالج کی شان و شوکت اور تاریخی اہمیت کو برقرار رکھا جائے۔ایڈورڈز کالج میں طلبہ،ملازمین اور انتظامیہ کالج کے پرنسپل کی بر طرفی اور بورڈ آف گورنر کا اجلاس بلانے کے مطالبہ کر رہے تھے جسکی وجہ سے کالج کے تمام ملازمین اور پرفیسرز ہڑتال پر تھے۔اجلاس میں گورنر خیبرپختونخوا اور دیگر شرکانے کالج کے مسائل اور بورڈ آف گورنر کا اجلاس بلانے کی یقین دہانی کروائی جس پر کالج کے ملازمین نے ہڑتال معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔واضح رہے کہ اس سے پہلے کالج کے اساتذہ کی ایک وفد نے شعیب سیڈل اور رمیش کمار سے ملاقات کر کے کالج کے مسائل سے آگاہ کیا شعیب سیڈل اور رمیش کمار نے بعد ازاں کالج کا دورہ کیا اور تمام ملازمین کو یقین دہانی کرائی کے پرنسپل کی جانب سے کسی ملازم کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی نہیں ہوگی۔