اقلیتی برادری عید میلاد النبی ﷺ کی خوشیوں میں شریک ہے،نوید بھٹی

  اقلیتی برادری عید میلاد النبی ﷺ کی خوشیوں میں شریک ہے،نوید بھٹی

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے سیکرٹری ریکارڈ اینڈ ایونٹس نوید بھٹی نے عید میلاد النبی ﷺ پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی اقلیتیں جشن عید میلاد النبیؓ اپنے مسلمان بھائیوں کیساتھ ملکر منائیں گی۔ ہم سب پاکستانی پرچم تلے ایک ہیں۔ہفتہ کو جاری بیان میں نوید بھٹی نے کہا کہ ہر سال کی طرح ا س سال بھی ہم جشن عید میلاد النبیؓ کا با سعادت دن اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ ملکر جوش و خروش سے منائیں گے کیونکہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتیں پاکستانی پرچم کے نیچے ایک ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کرسمس،ایسٹر،دیوالی اور ہولی سمیت اقلیتی برادری کے تمام تہواروں میں بذات خود شریک ہوتے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی ملک میں اقلیتوں کی سب سے بڑی محافظ جماعت ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے جس طرح ملک میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیا ہے اس کی کوئی دوسری مثال نہیں ملتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی پیروی کرتے ہوئے اقلیتی برادری بھی عید میلادالنبیؓ پر اپنے مسلمان بھائیوں کی خوشیوں میں شریک ہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت محمد مصطفی ﷺکے یوم ولادت پر ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا چاہئے کہ ہم تمام انسانیت اور کائنات کی مزید بہتری کے لئے ان کی دانشمندی برداشت پیار امن اور انسانی مساوات کی تعلیمات کی مکمل سچائی سے پیروی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آج کے روز ہمیں پیارے نبی محمد ﷺ کے سکھائے ہوئے دو اسباق کو یاد رکھنے کی سخت ضرورت ہے اور یہ دو سبق برداشت اور ایک دوسرے کے درمیان سمجھ اور بھائی چارہ ہے اور ان کا پیغام تمام زمانوں اور تمام جغرافیائی سرحدوں کے پار بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج جتنی ضرورت برداشت اور ایک دوسرے کے سمجھنے کی ہے اتنی پہلے کبھی نہیں تھی۔

مزید : صفحہ آخر


loading...