ساری دنیا میں جتنا آپ کا نام ہے اس سے سوگنا زیادہ بابا گرونانک نے آپ کو دیا ہے،نوجوت سنگھ سدھو کا بس میں وزیراعظم عمران خان سے مکالمہ
نارووال (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب سے قبل بس میں سوار ہو کر منصوبے کا جائزہ لیا،اس دوران نوجوت سنگھ سدھو اور سنی دیول بھی ان کے ہمراہ تھے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری منصوبے کا افتتاح کیا ۔افتتاحی تقریب میں پہنچنے سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے بس میں بیٹھ کر کرتارپور گردوارے کا جائزہ لیا۔اس موقع پر حکومتی رہنماوں کے علاوہ بھارت سے آئے نوجوت سنگھ سدھو اور سنی دیول بھی ان کے ہمراہ تھے۔وزیر اعظم عمران خان نے بس میں موجود افسران سے استفسار کیا کہ ہمارا سدھو کہا ں ہے کیا وہ آ گیا ہے؟جس پر متعلقہ عملے نے بتایا کہ واہگہ بارڈر سے بھارتی انتظامیہ نے انہیں آنے کی اجازت نہیں دی لیکن ابھی کرتاپور راہداری سے پاکستان پہنچے ہیں۔
نوجوت سنگھ سدھو نے وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ بس میں بیٹھ کر کرتارپور گردوارے کا جائزہ لیا ، اس موقع پر انہوں نے وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پو ری دنیا میں جتنا آپ کا نام ہے اس سے سوگنا زیادہ بابا گرونانک نے آپ کو دیا ہے، آپ نے یہ کام نفع نقصان کے بجائے رب کیلئے کیا، پوری دنیا میں موجود سکھ آپ کیلئے دعائیں کر رہے ہیں ،آپ سکھ برادری کے دلوں میں جا بسے ہیںاور کرتار پور کھول کے ہمارے دل جیت لیے ہیں،ہر طرف آپ کا ہی چرچا ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے سدھو کو کہا کہ سکھ ایک بہادر قوم ہے اور وہ اس اقدام کی حقدار تھی۔ نوجوت سنگھ سدھو نے وزیراعظم عمران خان کو سنی دیول سے بھی ملوایا۔