دبئی میں بارش ، دبئی مال کی چھتیں ٹپک پڑیں، ہر طرف پانی ہی پانی

دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) متحدہ عرب امارات میں شدید بارشوں نے ہر طرف تباہی مچادی ہے، دبئی میں اتنی زیادہ بارش ہوئی کہ سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، بارش کی شدت کے باعث دبئی مال کی چھتیں ٹپک پڑیں اور پورے مال میں پانی جمع ہوگیا۔
دبئی میڈیا آفس کے مطابق شہر میں ہونے والی طوفانی بارش کے باعث دبئی مال بری طرح متاثر ہوا ہے، اور اس کی چھتیں ٹپکنے لگی ہیں، ریسکیو حکام کی جانب سے دبئی مال سے پانی نکالنے کی کوششیں جاری ہیں ، اس دوران مال کو بند نہیں کیا گیا بلکہ گاہک پانی میں ہی شاپنگ کا لطف اٹھاتے نظر آئے۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں بھی دیکھا جاسکتا ہے کہ دبئی مال کی چھتوں سے کس طرح پانی کے فوارے ابل رہے ہیں، جب دبئی مال کی چھتیں ٹپک رہی تھیں تو باہر بھی طوفانی موسم تھا جس کے باعث کوئی لوگ مال سے باہر نہیں نکلے بلکہ اندر ہی بارش اور شاپنگ سے لطف اندوز ہوتے رہے۔
خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات سمندری طوفان ماہا کی وجہ سے طوفانی بارشوں کی لپیٹ میں ہے، امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ آئندہ چند روز تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔