علامہ اقبال ؒ نے نسل نوکو جہد مسلسل کی تلقین کی: طاہر رضا بخاری
لاہور(خبر نگار)مزارِ اقبالؒ پر مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اوقاف ڈاکٹرطاہررضابخاری نے کہا کہ اقبالؒ نے نسلِ نو کو جْہدِ مسلسل اور یقینِ مْحکم کی تلقین کی۔ طاقت اور قوت کے حصول کی طرف راغب اور علوم و معارف کے جہاں تلاش کرنے کی طرف متوجہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اقوام کی صف میں وہی بہتر اور نمایاں ہے، جو اس عالم ِ ایجاد میں ”صاحب ایجاد“ اور غلبہ حاصل کرنے کی استعداد اور قوت رکھتا ہے۔ ضعیفی، کمزوری اورناتوانی دراصل موت کے ہم معنی ہیں، جس سے بچنے کے لئے ہمہ وقت محنت اور ہمت سے کام لینا چاہیے۔ اسی لئے وہ نوجوان نسل کے لئے شاہین کا استعارہ استعمال کرتے ہوئے، اسے بلند پروازی، بے نیازی، پاکیزگی، رفعت، بلندی اور تیز نگاہی جیسے اوصاف سے متصوف ہونے کی تلقین کرتے ہیں۔ علامہ اقبال کے 147 ویں یومِ ولادت کے سلسلے میں، اس تقریب میں ڈاکٹر بصیر ہ عنبرین، ڈاکٹر سلمان غنی، کومل سلیم اور عارف یونس سمیت دیگر نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ علامہ اقبال نسل ِ نو کو سوسائٹی کے ایسے بہترین فرد کے طورپر دیکھنا چاہتے ہیں، جو ملک و ملّت کی ترقی میں اپنا صائب کردار ادا کر سکے۔ ان کے خطبات، اشعار اور افکار نے اْمّت کو خواب ِغفلت سے جگایا اور ترقی کے زینے طے کرنے کا حوصلہ دیا۔ آپ کے احوال و فرمودات زندگی کے جذبوں سے لبریز اور مقصدیت سے آراستہ تھے۔
