عوام کو کوئی ریلیف نہیں مل رہا، اویس عمر ورک
شیخوپورہ (بیورورپورٹ)پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی چوہدری اویس عمر ورک نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی سوشل میڈیا پوسٹس اور اشتہارات تک محدود ہے، صوبائی حکومت کے پاس عوام کو دینے کیلئے کچھ نہیں، پنجاب میں ہر شعبہ تنزلی کا شکار ہے، مریم نواز کی کابینہ ڈنگ ڈپاؤ پالیسی پر گامزن ہے عوام بے چینی سے ریلیف کے منتظر ہیں جو انہیں حاصل ہونے والا نہیں۔پنجاب حکومت کی ترجیحات میں بھی عام آدمی کی فلاح وبہبود شامل ہی نہیں۔
، دہائیوں سے رائج ظلم اور جبر کانظام اپنی معیاد پوری کر چکا ہے، نااہل حکمران معیشت کی بہتری کے حوالے سے جعلی رپورٹس کے ذریعے عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتے،عوام آج بھی یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی اور دو وقت کی روٹی کھانے سے قاصر ہیں جابر حکمرانوں کے جبر کے ہتھکنڈوں سے پی ٹی آئی کی جدوجہد کمزور نہیں ہوئی بلکہ یہ مزید توانا ہوئی ہے کارکنان کے حوصلے بلند ہیں جو حکمرانوں کے اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعوب ہونے والے نہیں کارکنان اپنے لیڈر کی ہر کال پر لبیک کہیں گے،بانی پی ٹی آئی کی مقبولیت کم کرنے کی کوششیں کرنے والے حکمرانوں کو منہ کی کھانا پڑی ہے عوام نے پی ٹی آئی کے موقف کی بھرپور تائید کرکے حکمرانوں سے نفرت واضح کردی ہے جسے نوشتہ دیوار سمجھتے ہوئے حکمرانوں کو خود ہی اقتدار چھوڑ دینا چاہئے ورنہ عوام کا ہاتھ اور ان کا گریبان ہوگا اور باشعور پاکستانی انہیں اقتدار کے ایوانوں سے نکال باہر کریں گے۔
