دہشتگردی کے واقعات پشتونوں کے وسائل پر قبضہ کیلئے ہیں: محمود خان اچکزئی
لورالائی (این این آئی) پشتونخواء ملی عوامی پارٹی کے چیئر مین محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ لورالائی میں جرگے کا مقصد کسی کو برا بھلا کہنا نہیں بلکے پشتون علاقوں میں بدامنی لوٹ مار قتل و غارت گری، ڈاکہ زنی کے خلاف آواز بلند کرنا ہے، کسی کی حق تلفی اور ناجائز کسی کی جائیداد قبضہ ہماری روایات میں نہیں،مقامی افراد کو اپنے علاقے میں محنت مزدوری کر نے نہیں دی جار ہی، کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں دہشتگردی کے واقعات کے بعد محض رسمی بیانات دئیے جاتے ہیں موجودہ حالات سے نمٹنے کے لیے پختونوں کے پاس سوائے اپنے اتحاد کو مضبوط کرنے اور جرگے منعقد کرکے اپنا لائحہ عمل بنانے کے کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔یہ بات انہوں نے دو روزہ قومی جرگہ کے پہلے دن کے آغاز پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پشتون علاقوں میں بدامنی لوٹ مار قتل و غارت گری، ڈاکہ زنی کا مقصد پشتون علاقوں کے قدرتی وسائل پر قبضہ کرناہے، انہوں نے کہا کہ ان عناصر کو قبضہ کرنے کیلئے مختلف حیلوں بہانوں سے زمینوں کی الاٹمنٹ ایسے لوگوں کو کی جا رہی جس کا علاقہ سے کوئی تعلق ہی نہیں۔ فارم 47 کے حکمران سچ پر پابندی لگا رہے ہیں، اس جرگہ میں تمام عمائدین کی آراء اور تجاویر کو غور سے سنا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قانون نا فذ کرنے والے ادارے موجود ہیں اس کے باوجود وہ لوگوں کو امن نہیں دے سکتے،ہمارے ساتھ پاکستان کے آئین کے مطابق فیصلہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ بے بس‘ ریاست اور اس کے ادارے عوام کے سامنے جواب دہی کے لیے تیار نہیں ہیں،ملک بھر میں روزانہ کی بنیاد پر دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں، جس میں بے گناہ شہریوں خصوصاً پختونوں کا خون بہایا جا رہا ہے ہر دہشت گردی کے واقعے کے بعد الٹا عوام کو مزید سختیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، پختونوں کے پاس سوائے اپنے اتحاد کو مضبوط کرنے اور جرگے منعقد کرکے اپنا لائحہ عمل بنانے کے کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔
محمود اچکزئی
