حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے: بیر سٹر امجد ملک
لاہور(نیوز رپورٹر)پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن کی جانب سے یوم اقبالؒ کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی وائس چیئرپرسن او پی سی بیرسٹر امجد ملک تھے، تقریب میں اوورسیز پاکستانیوں کی کثیرتعدادنے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر امجد ملک نے کہا یہ اوورسیز کی سلبرٹری تقریب ہے اس لیے میں سمجھوں گا آپ عزت مجھے دے رہے ہیں،میں عزت آپ کو دے رہا ہوں اور یہ اوورسیز پاکستانی تقریب کے مہمان خصوصی ہیں، پاکستان میں سیاحت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے اوورسیز پاکستانیوں کو راغب کر نے کی ضرورت ہے تاکہ ملک ترقی کر سکے۔ اوورسیز پاکستانیوں کا بل پارلیمنٹ میں پاس ہونا اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ ہے۔اوورسیز پاکستانیوں کو پراپرٹی جیسے مسائل کے حل کیلئے اب خصوصی عدالتیں قائم کی جارہی ہیں۔ سپیڈی کورٹ سسٹم تیز انصاف مہیا کرنے کیلئے اہم اقدام ہے۔جلدان عدالتوں کادائرہ کار پورے ملک میں ہرضلع کی سطح پر پھیلایا جائیگا، میں نواز شریف کا مشکورہوں انہوں نے مجھے چیف کوارڈینیٹر کے طور پر 2021 میں لگایا، مجھے جو ٹاسک دیا وہ پورا کیا سب کہہ رہے تھے یہ ایک ملک میں مسلم لیگ بنائے گا تو یہ آپس میں لڑ پڑیں گے۔ اللہ کے فضل و کرم سے میں نے پہلے دو سالوں میں 37 ملکوں میں مسلم لیگ ن کی تنظیم سازی کی جب عمران خان کا طوطی بولتا تھا لوگ پوچھتے تھے یار عمران خان کی باتیں زیادہ ہوتی ہیں، یہ مسلم لیگ ن کے لوگ کہاں سے آرہے ہیں۔اوورسیز پاکستانی مزدوری کرتے ہیں ملک کا نام روشن کرتے ہیں، ملک کیلئے ضرورت پڑے تو اپنی جیب سے اپنی تمام تنخواہ پاکستان کے فنڈ میں دے دیتے ہیں، پاکستان میں زلزلہ آئے، سیلاب آئے اوورسیز پاکستانی کبھی بھی پاکستان کی خدمت کرنے سے پیچھے نہیں ہٹتے، اوورسیز کے بارے میں میرا تجربہ ہے وہ پاکستان سے محبت کرتے ہیں۔اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے سنیئرصحافی افتخاراحمد، نصراللہ ملک، شیخ محمدسعید صدرمسلم لیگ ن سعودی عرب، میاں حنیف، عدنان بٹ، سیداصغرزیدی، چوہدری نثار، راشد نصراللہ، رانا ابرار حسین سمیت دیگرمقررین نے بیرسٹر امجد ملک کی اوورسیز پاکستانیوں کے حوالے سے خدمات پر روشنی ڈالی اور دنیا کے 37 ممالک میں مسلم لیگ ن کی تنظیموں کو فعال کرنے پرخراجِ تحسین،پیش کرنے کیساتھ ساتھ او ورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کا وائس چیئرمین منتخب ہونے پرمبارکباد پیش کی، اس موقع پر اوورسیز پاکستانیوں کی مشکلات کے حل پر زور دیا گیا۔
بیرسٹرامجد ملک
