غلط پارکنگ سے منع کرنے پر رکشہ ڈرائیور کی خودسوزی کی کوشش
لاہور (کرائم رپورٹر)نوپارکنگ زون میں رکشہ کھڑا کرنے سے منع کرنے پر رکشہ ڈرائیور کی جانب سے خود سوزی کی کوشش،مشتعل ڈرائیور نے ٹریفک اسسٹنٹ کو بھی آگ لگانے کی کوشش کی،ٹریفک اسسٹنٹ نے اپنی جان پر کھیلتے ہوئے رکشہ ڈرائیور کو بچا لیا تاہم خود شدید جھلس گیا، دونوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک اسسٹنٹ وقار نے متعدد بار رکشوں کو داتا دربار کے نوپارکنگ زون سے ہٹنے کا کہا۔ماسوائے ایک ڈرائیور کے تمام رکشہ ڈرائیور نے اپنے رکشے ہٹا لئے۔رکشہ ڈرائیور نے خود سوزی کرتے ہوئے ڈیوٹی پر موجود ٹریفک اسسٹنٹ کو جلانے کی کوشش کی، رکشہ ڈرائیور دیدہ دانستہ طور پر خود کو آگ لگا کر ٹریفک اسسٹنٹ سے لپٹ گیا۔ ٹریفک اسسٹنٹ نے اپنی جان پر کھیلتے ہوئے رکشہ ڈرائیور کو بچا لیا، خود شدید جھلس گیا چیف ٹریفک آفیسر لاہور عمارہ اطہر اور ایس پی سٹی منیر ہاشمی میؤ ہستال پہنچے اور جھلسنے والے ٹریفک اسسٹنٹ کی تیمارداری کی۔ سی ٹی او لاہور نے ٹریفک اسسٹنٹ کو جلانے والے رکشہ ڈرائیور سے بھی بات چیت کی۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق پیرمکی کے قریب رکشہ ڈرائیورز کو مناسب پارکنگ فراہم کی گئی ہے،رکشہ ڈرائیور کے اس اقدام پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ سی ٹی او لاہور نے ایس پی سٹی منیر ہاشمی کو مفصل انکوائری کی ہدایت کی ہے۔
خودسوزی
