راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)سیکیورٹی فورسز کے شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن میں 6خوارج ہلاک جبکہ 6زخمی ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے تلاش کیا گیا،خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا تھا۔ ہلاک خوارج سیکیورٹی فورسز کیخلاف دہشتگردی اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے، ہلاک کیے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں خوارجیوں کے خاتمے کیلئے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے،سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔