کپتان اچھا مل جائے تو ٹیم گراؤنڈ میں پرفارم کرتی ہے: راشد لطیف
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن )سابق ٹیسٹ کرکٹر راشد لطیف کا کہنا ہے کہ کپتان اچھا مل جائے تو ٹیم گراؤنڈ میں پرفارم کرتی ہے, اس جیت میں کئی چیزوں کا کردار تھا۔آسٹریلیا میں 22 سال بعد پاکستان ٹیم کی جانب سے ون ڈے سیریز جیتنے پر راشد لطیف نے کہا کہ جب کپتان اچھا مل جائے تو ڈریسنگ روم میں ٹیم بن کر جاتی اور گراؤنڈ میں پرفارم کرتی ہے اور ہمیں یہ چیز نظر آرہی ہے۔اس جیت میں کپتانی، کھلاڑیوں کی سلیکشن اور پچز کی کنڈیشن سب کا عمل دخل رہا۔
راشد لطیف کا کہناتھا کہ بولرز اور بیٹرز نے توقعات سے بڑھ کر پرفارم کیا، آسٹریلوی کھلاڑی جو وہاں کی پچز کو جانتے تھے انہیں آؤٹ کرنا اور ان کے خلاف اچھی بیٹنگ کرنا پاکستان کی کرکٹ کے لیے خوش آئند ہے۔
چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے کے حوالے سے راشد لطیف نے کہا کہ ایشیاء کپ میں ہائبرڈ ماڈل چل سکتا ہے، وہاں بے وقوف بنایا جا سکتا ہے لیکن آئی سی سی کے ایونٹ میں یہ نہیں ہو سکتا، اگر ایک ملک چاہ رہا ہے کہ پاکستان نہیں جانا تو ایسا نہیں چلے گا۔