دہشت گردوں نے ملالہ نہیں ،پوری انسانیت پر حملہ کیا :الطاف حسین
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ معصوم ملالہ یوسف زئی کوخون میں نہلانے والے دہشت گردانسان نہیں درندے ہیں اور انسانیت پریقین رکھنے والے تمام پاکستانیوں کوان درندہ صفت عناصرکے خلاف متحد ہوجانا چاہیے۔ رابطہ کمیٹی سے گفتگوکرتے ہوئے الطاف حسین نے کہاکہ ملالہ نے وحشت وبربریت کے ماحول میں جرات وبہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سوات میں علم کی شمع جلائی اوردیگربچوں کوبھی علم کی جانب راغب کیا۔ آج دہشت گردوں نے اس معصوم بچی کو اپنی بے رحم گولیوں کانشانہ بناکراس کی آوازکودبانے کی کوشش کی۔الطاف حسین نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہ ملالہ پرنہیں بلکہ پوری انسانیت پر حملہ ہے اور جن بزدل دہشت گردوں نے اس معصوم بچی کوخون میں نہلایا ہے وہ انسان نہیں بلکہ درندے ہیں۔