ملالہ پر حملے کی مذمت ، احتساب نہیں ،ڈاکوﺅں اور چوروں کو تحفظ دینے کابل ہے : چوہدری نثار
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اپوزیشن لیڈر چوہدری نثار علی خان نے ملالہ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ احتساب بل نہیں بلکہ چوروں اور ڈاکوﺅں کو تحفظ دینے کا بل ہے ،احتساب بل پر مسلم لیگ ن نے جتناکام کیا، کسی نے بھی نہیں کیا۔ پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے اُن کاکہناتھاکہ اللہ پاک ملالہ یوسفزئی کوصحت دے ، جوکچھ ہوا وہ اُس کی مذمت کرتے ہیں لیکن سوات جیسے علاقے میں دن دیہاڑے گاڑی روک کر شناخت کے بعد فائرنگ اور ملزم کا پیدل ہی فرار ہوجاناسوال جنم لیتاہے ۔اُن کاکہناتھاکہ سوات آپریشن کی کامیابی کے بعد اِس طرح کے واقعات پر تشویش ہے ، یہ کون لوگ ہیں جو معصوموں کو نشانہ بنارہے ہیں ؟اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ قومی اسمبلی میں اِس وقت سب سے بڑا مسئلہ احتساب بل ہے ، جسے احتساب بل کہنالفظ احتساب سے زیادتی ہے ،حکومت کو احساس نہیں لیکن ن لیگ اپنے منہ پر کالک نہیں لگائے گی ، یہ چوروں اور ڈاکوﺅں کے تحفظ کا بل ہے جس کے مطابق اگردس سال تک کوئی چیز ثابت نہ ہوسکے یا خفیہ رہے تو اُس کے بعد وہ قانونی حیثیت سے ڈاکو نہیں ہوگااور اگر کوئی لوٹا ہوا مال واپس کردے تو بھی گرفتار نہیں ہوسکتا۔اُنہوں نے کہاکہ یہ بات غلط ہے کہ ن لیگ احتساب بل میں رکاوٹ بنی تاہم ن لیگ نے پچھلے تین سال میں احتساب بل پر جتناکام کیا،کسی جماعت نے نہیں کیا۔ اُنہوں نے اتحادیوں کو مشورہ دیاکہ وہ اپوزیشن کا ساتھ دیں اور میڈیا بھی حقائق کا جائزہ لینے کے بعد اپوزیشن کاساتھ دے جبکہ اُنہیں اے این پی کی بل مخالفت پر خوشی ہوئی ۔