ملالہ پر حملہ کرنے والے کی گرفتاری میں مدد دینے والے کیلئے ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان

ملالہ پر حملہ کرنے والے کی گرفتاری میں مدد دینے والے کیلئے ایک کروڑ روپے ...
ملالہ پر حملہ کرنے والے کی گرفتاری میں مدد دینے والے کیلئے ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان

  

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) خیبرپختونخوا حکومت نے ملالہ یوسف زئی پر قاتلانہ حملہ کرنے والوں کی گرفتاری میں مدد دینے پر ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا میاں افتخار حسین نے اعلان کیا کہ ملالہ یوسف زئی پر حملہ کرنے والوں کی گرفتاری میں مدد دینے پر ایک کروڑ روپے انعام دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملالہ یوسف زئی کا آپریشن ہوگیا اور ان کی حالت پہلے سے بہتر ہے، فی الحال ملالہ کو بیرون ملک بھیجنے کی ضرورت نہیں، ڈاکٹروں کا مشورہ ہے کہ ملالہ کو دو دن مکمل آرام دیا جائے۔ وزیراطلاعات نے قوم سے اپیل کی ہے کہ ملالہ اور دیگر دونوں بچیوں کی صحت یابی کیلئے دعا کریں، ملالہ کو بیرون ملک بھیجنے کیلئے ڈاکٹروں سے مشاورت کریں گے۔ میاں افتخار کا کہنا ہے کہ ملالہ یوسف زئی کا پیغام قیامت تک جاری رہے گا اور دہشت گردوں کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ وزیراطلاعات نے کہا کہ شرپسندوں سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں تاہم مذاکرات نتیجہ خیز نہ ہوں تو فائدہ نہیں، اگر دہشت گرد ایسی کارروائیاں کریں گے تو ان کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔

مزید : قومی