بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرا ون ڈے کل کھیلا جائیگا
نئی دہلی (سپورٹس ڈےسک) بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 5 ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا کرکٹ میچ (کل) ہفتہ کو فیروز شاہ کوٹلہ، نئی دہلی میں کھیلا جائیگا دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔ ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم کی بھارت کے خلاف سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے مہمان ٹیم نے پہلے ون ڈے میچ میں بھارت کو 124 رنز سے شکست دی تھی۔ ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم بھارت کے خلاف پانچ ون ڈے، واحد ٹی 20 اور تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیل رہی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا تیسرا 14 اکتوبر کو وشاکھاپٹم ، چوتھا 17 اکتوبر کو دھرم شالا جبکہ پانچواں اور آخری ون ڈے 20 اکتوبر کو کولکتہ میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ممالک کے مابین واحد ٹی 20 میچ 22 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 30 اکتوبر سے 3 نومبر تک حیدرآباد، دوسرا 7 سے 11 نومبر تک بنگلور جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 15 سے 19 نومبر تک احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔