شاہین سیریز بچانے کیلئے پر عزم

شاہین سیریز بچانے کیلئے پر عزم

دبئی ( سپورٹس ڈیسک)پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ آج کھیلا جائے گا ۔ ڈے اینڈ نائٹ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام چار بجے دوبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہوگا ۔اگر دوسرا ون ڈے میچ آسٹریلیا کی ٹیم جیت جاتی ہے تو وہ ون ڈے سیریز جیت لے گی ۔پاکستان کی ٹیم کو سیریز کی شکست سے بچنے کے لئے دوسرا ون ڈے جیتنا بہت ضروری ہے ۔پاکستان کی ٹیم کو محمد حفیظ ،جیند خان اور سعید اجمل کی خدمات حاصل نہیں ہیں ۔سعید اجمل باؤلنگ ایکشن کے مشکوک ہونے کی وجہ سے معطلی کا شکار ہیں جبکہ محمد حفیظ اور جنید خان زخمی ہونے کی وجہ سے ٹیم کا حصہ نہیں ہیں ۔پاکستان کی ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف 1975سے لے کر اب تک 90ون ڈے میچز کھیلے ہیں جس میں سے 31جیتے 55ہارے ایک ٹائی ہوا جبکہ تین کا نتیجہ نہیں نکل سکا ۔یو اے ای میں دونوں ٹیموں کے مابین مجموعی طور پر 12ون ڈے میچز کھیلے گئے جس میں سے پاکستان نے 6جیتے اور چھ ہارے ۔پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیمیں دوسرے ون ڈے سے پہلے پریکٹس سیشنز میں مصروف رہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی