دھرنوں کی وجہ سے ٹیکسٹائل سیکٹر کو 100 ارب سے زائد کا نقصان ہوا ہے، مہتاب الدین

دھرنوں کی وجہ سے ٹیکسٹائل سیکٹر کو 100 ارب سے زائد کا نقصان ہوا ہے، مہتاب الدین

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اکنامک رپورٹر ) ٹاولز مینوفیکچر ز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین مہتاب الدین چاولہ نے کہا ہے کہ ملک میں جاری دھرنوں کے باعث ٹیکسٹائل سیکٹر کو100 ارب روپے سے زائد کانقصان ہوچکا ہے ، ملکی تجارتی وکاروباری سرگرمیاں شدید خطرات سے دوچارہیں لہذا سیاسی جماعتوں کے قائدین قومی مفادات کومدنظررکھتے ہوئے پاکستان کی ساکھ اور امیج کو بحال کرنے کے لیے اپنا کرداراداکریں یہ با ت انہوں نے گزشتہ روز کورنگی ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلی اور ٹریڈڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو ا یس ایم منیر کی جانب سے مہتاب الدین چاولہ کو تمغہ امتیاز دئیے جانے پر دئیے گئے عشائیے کے موقع پرکہی اس موقع پر سینٹرعبدالحسیب خان، ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر خالدتواب ،زبیر طفیل،کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر میاں زاہد حسین اور دیگر نے بھی اظہارخیال کیا ۔مہتاب الدین چاولہ نے کہا کہ پاکستان کو یورپی ممالک کی جانب سے ملنے والے رعایتی پیکج کابھرپورفائدہ اٹھانے کے لیے جی ایس پی پلس پر بھرپوراندازمیں کام کرنا ہوگا، ملک میں جاری بجلی،گیس بحران کے ساتھ ساتھ امن وامان کی فضاءسازگاربنانے کے لیے اقداما ت کو ہنگامی بنیادوں پر کرنا ہونگے تاکہ ملکی ترقی کا سفر طے ہوسکے۔
 اور عوام کامعیارزندگی بہتربنایا جائے۔ایس ایم منیر نے کہا کہ ملکی ترقی کادارومدار پرامن نظام کے چلنے پر منحصر ہے،جمہوری نظام کے تحت منتخب ہونے والی جماعت کو موقع فراہم اور وزیراعظم نوازشریف کے ہاتھ مضبوط کرتے ہوئے اچھے اقدامات کواجاگرکیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر نے پاکستان کو کمزورکرنے کے لیے بھرپورکوشش کررہے ہیں، پاکستان آرمی مختلف محاذپر ملک وقوم کے دفاع کے لیے اپنا بھرپورکرداراداکررہی ہے لہذا ملک میں جاری جمہوری نظام کوکمزورکرنے کی بجائے دھرنے جاری رکھنے والے جمہوری نظام کو مضبوط کرے ۔انہوں نے کہا کہ ملکی برآمدی آڈرز خطرات سے دوچارہیں بیرونی میڈیا پاکستان کے بارے میں روزآنہ منفی پروپیگنڈہ کررہا ہے اور اسلام آباد میں جاری دھرنے سے بیرونی خریدارسمجھ رہا ہے کہ پوراپاکستان بند ہے جبکہ حقیقت اسکے برعکس ہے اور کراچی،لاہورسمیت ملک کے بیشترمقامات پر تجارتی وکاروباری سرگرمیاں جاری ہیں۔ کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدرمیاں زاہد حسین نے کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ٹیکس نہ دینے اور بجلی کے بل جلادینے کی باتیں کرنے سے گریز کریں ،سیاسی قائدین کے مابین اختلافات ہوسکتے ہیں لیکن ملک وقوم کونقصان پہنچانے کی کوشش سے پوری قوم پرمنفی اثرات نمودارہونگے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کومثبت پیغام دیتے ہوئے ملک کو ریونیو فراہم کرنے کے اعلانات کرنے کاوقت ہے ۔سینٹرعبدالحسیب خان نے کہا کہ ملکی تاجروصنعتکاربرادری نامساعدحالات کے باوجود اپنا بھرپورکرداراداکررہی ہے ، ملکی ترقی کے لیے ابھی کئی منازل طے کرنا باقی ہیں بصورت دیگر پاکستان کی ترقی سوالیہ نشان بن جائیگی۔ ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدرزبیر طفیل نے کہا کہ پاکستان کو دھرنوں ، لانگ مارچ کی بجائے اقتصادی انقلاب کی ضرورت ہے،ملکی تجارتی وکاروباری سرگرمیاں مزید دھرنے اور جلوس برداشت نہیں کرسکتی ہیں اگر ملک وقوم کے مفاد میں فیصلے نہیں کیے گئے تو آئندہ آنے والی نسلوں کو ترقی یافتہ پاکستان کی بجائے ترقی پذیر ملک ہی ملے گا ۔انہوں نے ملک میں جاری دھرنوں اور جلوسوں کے باعث ملکی برآمدات میں ہونے والے نقصانات اورکمی پر تحریک انصاف سے فوری طورپر دھرنے ختم کرنے کا مطالبہ کیا ۔خالدتواب نے کہا کہ تاجروں کودرپیش مسائل کے حل کے لیے حکومتی موثراقدامات کی ضرورت ہے،تاجروں کودپیش سیلز ٹیکس اور ریفنڈ کافوری طورپر حل کیا جائے تاکہ برآمدی سرگرمیوں کو فروغ دیاجاسکے ۔

مزید :

کامرس -