بھارتی جار حیت کےخلا ف پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی میںتحریک التوا جمع کرا دی
اسلام آباد(اے این این) پیپلز پارٹی نے بھارت کی جانب سے مسلسل سرحدی خلاف ورزیوں کیخلاف قومی اسمبلی میںتحریک التوا جمع کرا دی۔جمعرات کو تحریک التوا ءشازیہ مری،عمران لغاری،نفیسہ شاہ، اعجاز جاکھرانی اورمیرعامرمگسی نے جمع کرائی جس میں بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ تحریک التواء کے متن میں کہا گیا کہ بھارتی فورسز کی مسلسل گولہ باری اورفائرنگ سے12افرادجاں بحق اور متعدد زخمی ہوچکے ہیں،بھارتی فورسز کی فائرنگ دونوں پڑوسی ممالک میں کشیدگی بڑھارہی ہے۔ تحریک التوا میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ صورتحال بدستورایسی رہی تودونوں ممالک میں تعلقات مزیدخراب ہوسکتے ہیں۔ تحریک التوا میں مطالبہ کیا گیا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس بلا کر بھارتی جارحیت کیخلاف قرارداد مذمت منظور کی جائے ۔ بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ اور شیلنگ کا منہ توڑ جواب دیا جائے اور بھارتی جارحیت کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھایا جائے۔ واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بانڈری بھارتی جارحیت سے اب تک 12 افراد شہید اور 50 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ بھارتی گولہ باری سے اب تک 70 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 20 ہزار سے زائد لوگ اپنے گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں۔
بھارتی جار حےت