(ن)لیگ اور تحریک انصاف کی لڑائی سے مزہ لے رہا ہوں ، زرداری

(ن)لیگ اور تحریک انصاف کی لڑائی سے مزہ لے رہا ہوں ، زرداری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

   لاہور (نمائندہ خصوصی) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اورسابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ (ن) لیگ اور تحریک انصاف کی لڑائی سے مزہ لے رہا ہوں ، نواز شریف سے تعاون محض جمہوریت کو مضبوط بنانے کیلئے کیا،عمران خان پاکستانی سیاست میں  پانی کا بلبلا ہیں اور یہ بلبلا کسی اور کے ہاتھ کا بنایا ہوا ہے ، الیکشن تین سال کے اندر ہوں یا اس کے بعد اس کا فیصلہ پیپلز پارٹی اور عوام کرینگے ،سیاست میں اپنی جگہ بنانا خوب جانتا ہوں،کارکنان کے درمیان خلیج کو بتدریج دور کیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی فیصل آباد ڈویژن کے اجلاس سے خطاب اور پارٹی رہنماﺅں صمصام بخاری اور اشرف سوہنا سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) میں کوئی فرق نہیں دونوں جماعتوں کی سوچ ایک جیسی ہے میں مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کی لڑائی سے مزہ لے رہا ہوں ۔ پیپلز پارٹی کے کارکن بھی اس لڑائی سے لطف اندوز ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے نواز شریف سے رائے ونڈ میں ملاقات کی اور جمہوریت بچانے کیلئے ان کی حمایت کی تاکہ نواز شریف حوصلہ نہ ہاریں ڈٹ کر جمہوری اداروں کا تحفظ کرسکیں اور وہ کسی دباﺅ میں آئے بغیر جمہوریت کے بارے میں بہتر فیصلہ کرسکیں نواز شریف سے تعاون محض جمہوریت کو مضبوط بنانے کیلئے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی اور مقتدر قوتوں کو اپنے اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کرنا چاہیے، فیصلہ سازی کا کام مکمل ہم آہنگی کے ساتھ ہونا چاہیے ، ہم نے مفاہمت کا راستہ ملکی مفاد اور جمہوریت کیلئے اختیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سیاست میں عمران خان پانی کا بلبلا ہیں ، عمران خان کو کھڑا کرنے والی قوتیں کوئی اور ہیں یہ بلبلا کسی اور کے ہاتھ کا بنایا ہوا ہے۔ مڈ ٹرم الیکشن سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ الیکشن تین سال کے اندر ہوں یا اس کے بعد اس کا فیصلہ پیپلز پارٹی اور عوام کرینگے وقت آنے پر ہم عوام کو درست سمت میں لیکر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں سیاست میں اپنی جگہ بنانا خوب جانتا ہوں، پیپلز پارٹی کو پنجاب کی بہترین جماعت بناﺅں گا، کارکنان کے درمیان خلیج کو بتدریج دور کیا جائے گا۔ میں پارٹی رہنماﺅں کی تجاویز کو نوٹ کررہا ہوں وقت آنے پر ثابت کروں گا کہ پیپلز پارٹی ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے ، ہمارا ووٹ بنک کل بھی تھا اور آج بھی ہے۔
 زرداری

مزید :

صفحہ اول -