کراچی ،تحریک انصاف کا سی ویو پر احتجاجی دھرنا جاری
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے آزادی دھرنے کی حمایت میں سی ویو کلفٹن پر کرپٹ اور جعلی حکمرانوں کے خلاف جاری احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے مرکزی سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اسلام آباد کے مرکزی دھرنے کے ساتھ ساتھ اہلیان کراچی نے بھی جس طرح چیئرمین عمران خان کا ساتھ دیکر روزانہ کی بنیاد پر دھرنے دیئے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔ تحریک انصاف کی قیادت اہلیان کراچی کے شکر گزار ہیں کہ وہ انہوں نے اس فرسودہ نظام کے خلاف جاری جنگ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جو پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی ۔ دھرنے میں تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان ،راجہ اظہر خان، افتخار فاروقی ، سعدیہ آغا، ادیبہ عارف حسین ، شاہین باجی ، دعا زبیر ،قادری بھائی ، آصف خٹک ، عثمان کوہستانی، ملک خورشید تنولی ، ڈاکٹر قیوم اور دیگر سینکڑوں کارکنان و خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ دھرنے میں شریک کارکنان نے گو نواز گو اور جعلی حکمران مردہ باد کے نعرے لگائے ۔ ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کا احتجاجی مہم ملک گیر جاری ہے اور چیئرمین عمران خان کی اس جدوجہد اور کاوشوں سے پاکستانی قوم جاگ چکی ہے اب اس جاگے ہوئے قوم کے سامنے کرپٹ اور نااہل حکمرانوں اور موروثی سیاستدانوں کا ٹھہرنا مشکل ہوگیا ہے ۔ پاکستانی قوم تبدیلی کے لیے تیار ہیں اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے جب تک جعلی حکمران اور فرسودہ نظام کا خاتمہ نہیں ہوگا اس وقت تک تحریک انصاف کی جدوجہد جاری و ساری رہے گی ۔