کارکن شیخ رشید جیسے لوگوں کی زبان بندی کرنا خوب جانتے ہیں،سعید غنی

کارکن شیخ رشید جیسے لوگوں کی زبان بندی کرنا خوب جانتے ہیں،سعید غنی

اسلام آباد (خصو صی رپو رٹ )پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر سعید غنی نے رکن قومی اسمبلی شیخ رشیدکی جانب سے پیپلز پارٹی کی قیادت کے خلاف اخلاق سے گری ہوئی زبان استعمال کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شیخ رشید کو متنبہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن ان جیسے لوگوں کی زبان بندی کرنا خوب جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کا کوئی دین ایمان نہیں اور وہ اپنی گزشتہ سیاسی زندگی میں پارٹیاں بدلنے اور اپنی وفاداری مختلف لوگوں کے ساتھ منسوب کرنے کے ماہر بن چکے ہیں۔ ان کی سیاست بیوفائی اور بے اصولی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید لوٹا بننے کا ریکارڈ قائم کر چکے ہیں جہاں بھی جس کسی کا بھی مجمع دیکھتے ہیں اپنی سیاست کی لاش اس ٹرک پر رکھ کر سیاست کرنا شروع کر دیتے ہیں۔ شیخ رشید کو پنڈی کے لوگ خوب پہچانتے ہیں اور اب تو پاکستان کا بچہ بچہ ان کے سیاسی کردار سے واقف ہو چکا ہے۔ یہ وہی شیخ رشید ہیں جو 2002 میں پنڈی کے لوگوں سے نواز شریف کا ساتھ نبھانے کا وعدہ کرکے کامیاب ہو کر جنرل مشرف کی حکومت میں شامل ہوگئے تھے جس کے بعد پنڈی کے لوگوں نے ان کے بھتیجے کی ضمانت ضبط کروا دی تھی۔ خود ان کی اپنی ضمانت تین مرتبہ مسلسل ضبط ہوتی رہی ہے۔ سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ شیخ رشید کو عوام ان کے انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔

سعید غنی

مزید : صفحہ آخر