بھارت کے جوہری پلانٹ کے حفاظتی دستے پر فائرنگ، تین اہلکار ہلاک ، ملزم گرفتار

بھارت کے جوہری پلانٹ کے حفاظتی دستے پر فائرنگ، تین اہلکار ہلاک ، ملزم گرفتار
بھارت کے جوہری پلانٹ کے حفاظتی دستے پر فائرنگ، تین اہلکار ہلاک ، ملزم گرفتار

  


نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی جوہری پلانٹ کی حفاظت پرمامور پیراملٹری فورس کے افسر نے فائرنگ کرکے اپنے تین ساتھیوں کو بھون ڈالا تاہم پلانٹ کو نقصان پہنچنے کی تصدیق نہیں ہوسکی جبکہ ملزم کو حراست میں لے لیاگیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سرکاری حکام نے بتایاکہ یہ واضح نہیں ہے کہ ایک حساس جگہ پر اس نوعیت کا واقعہ پیش آنے کی وجہ کیا بنی ؟ تامل ناڈو کے علاقے میں یہ ہلاکتیں سنٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس کے ایک بیس پر پیش آئی ہیں اوراس بیس کی اہم ترین ذمہ داری دس کلومیٹر کے فاصلے پر قائم ’کالپکام پاور پلانٹ‘اور دیگر سرکاری تنصیبات کی حفاظت کے لیے افرادی قوت مہیا کرنا ہے۔

سرکاری طور پر ملنے والی اطلاعات کے مطابق سیکیورٹی اہلکار صبح کے وقت اپنی ڈیوٹی کے لیے جمع ہوئے تھے کہ ان پر فائر کھول دیا گیا۔سنٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورس کے ترجمان ہمندرا سنگھ کا کہنا ہے کہ اس ناخوشگوار واقعے کی کھوج کی جارہی ہے جبکہ واقعے کے ذمہ دار کو حراست میں لے کر پولیس کے حوالے کیا گیا،ملزم وجے پرتاپ سنگھ ایک تجربہ کار افسر ہے وہ اس واقعے کے بعد سخت صدمے میں ہے جبکہ جوہری توانائی کے پلانٹ کو فائرنگ سے کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

یادرہے کہ بھارت کا یہ وہی پاور پلانٹ ہے جس پر 2004ءمیں سونامی کی بے رحم لہروں کے حملے کی وجہ سے چھ ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوئی تھیں تاہم محافظ کے ہاتھوں ہلاکتوں کا یہ پہلا واقعہ ہے۔

مزید : بین الاقوامی