مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم،اقوام متحدہ سے جائیزہ کمیشن بھیجنے کا مطالبہ کیا، شاہ محمود!

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم،اقوام متحدہ سے جائیزہ کمیشن بھیجنے کا مطالبہ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


تحریک انصافف کے سر براہ اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ ابھی صرف چند گرفتاریاں ہوئی ہیں اگر ان کا بس چلے تو وہ پچاس بڑے کرپٹ لوگوں کو فوری طور پر جیل میں ڈال دیں ایعنی وہ وزیراعظم ہونے کے باوجود عدالتی اور احتساب نظام پر عدم اعتماد کرتے نظر آتے ہیں دوسری طرف ان کا بیان یہ تاثر بھی قائم کرتا ہے کہ یہ جانبداری ہو رہی ہے کیونکہ کرپٹ اور نیب کو مطلوب افراد کی ایک بڑی تعداد نہ صرف اس وقت تحریک انصاف میں موجود ہے بلکہ وہ وزارتوں اور مشاورتوں پر بھی فائز ہیں جو ایک طرف تو تحریک انصاف کے اپنے ہی منشور کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے جبکہ دوسری طرف آئین پاکستان اور قانون کے ساتھ بھی کھلا مذاق ہے عوام کو توقع تھی کہ عمران خان نے جس طرح انتخابات سے قبل وعدے کئے تھے اس کا کچھ فی صد حصہ ہی قابل عمل کر لیتے تو شاید اس وقت حالات مختلف ہوتے، لیکن وہ سٹیٹس کے تسلسل کو جاری رکھے ہوئے ہیں بلکہ کھینچ کر آگے لے گئے ہیں کیا ان کے اقتصادی ماہرین اور وزراء اتنے نا سمجھ اور کم علم ہیں کہ انہیں یہ معلوم نہیں کہ پیٹرولیم گیس اور بجلی کی قیمتیں بڑھانے سے امیر طبقہ نہیں بلکہ انتہائی غریب طبقہ متاثر ہو گا اور جو ہو رہا ہے بنیادی ضرورت کی اشیاء کی قیمتیں چار گنا تک بڑھ چکی ہیں روٹی جو ایک ہفتہ پہلے 6سے 7روپے کی تھی اب 10روپے کی ہو چکی ہے نان اور دوسری اشیاء کی قیمتیں تقریباً ڈبل ہو چکی ہیں لیکن حیرت انگیز طور پر وزیر خزانہ اسد عمر انتہائی ڈھٹائی سے اس کو تسلیم کرنے اور نہ ہی کوئی بات کرنے کو تیار ہیں بلکہ ان کا فرمان یہ ہے کہ ہم جو اقتصادی اقدامات کر رہے ہیں اس سے عام آدمی کی زندگی پر کوئی فرق نہیں پڑے گا لیکن ہو اس کے بر عکس رہا ہے کہ تمام اثر عام لوگوں پر ہی پڑ رہا ہے اب یہ اثر اور کتنا بڑھے گا یہ وقت بوقت معلوم ہوتا رہے گا لیکن دوسری طرف پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء خورشید شاہ اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ عمران حکومت کو 5سال مکمل کرنے دینا چاہئیں اگر حکومت کو وقت سے پہلے ہٹایا تو ملک تباہ ہو سکتا ہے معلوم نہیں انہوں نے یہ بات کس اور کون سے سیاسی تجزیے کی بناء پر کہی اور کس کو پیغام دینے کی کوشش کی ہے لیکن انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ اس قسم کے بیانات سنتے سنتے 45سال بیت گئے ہیں کوئی نقصان نہیں ہوا اور بحکم تعالیٰ آئندہ بھی نہیں ہو گا ریاستیں کسی فرد واحد کی خواہش پر نہیں ٹوٹا کرتیں اور نہ ہی ایسا کوئی نقصان ہوا کرتا ہے انہیں یہ ادراک ہونا چاہیے کہ ان کی پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن سمیت تمام سیاسی جماعتوں نے لوٹ مار کے باوجود اس ملک کا بال بیکا نہیں ہوسکا۔ اب تحریک انصاف بھی اس کا کوئی نقصان نہیں کر سکتی تاریخ گواہ ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود حسین قریشی امریکہ کے دورے کے بعد ملتان آئے تو ملتان میں پہلی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پاکستان سے ڈائیلاگ میں لیت و لعل سے کام لے رہا ہے اقوام متحدہ میں بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج سے ملاقات طے تھی مگر انہوں نے وقت سے پہلے راہ فرار اختیار کی پاکستان اور بھارت کے درمیان ڈائیلاگ 2015ء سے تعطل کاشکار ہیں لیکن ہماری اب بھی کوشش ہے کہ یہ ڈئیلاگ بحال اور بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کیا جائے۔ غربت جہالت اور پانی کا مسئلہ ہمارے لیے اہم ہے لیکن بد قسمتی سے ہمارے پاس ڈیم نہیں ہیں ہم چاہتے ہیں کہ مذاکرات کے ذریعے ہندوستان کو مسائل کے حل کیلئے قائل کریں کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم پر انسانی حقوق کے کمشنر نے ایک رپورٹ تیار کی ہے جس میں بھارتی مظالم کا اعتراف کیا گیا ہے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے خصوصی نشست میں اور اپنے خطاب میں اس رپورٹ کا حوالہ دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ اس رپورٹ کی روشنی میں اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کی چھان بین کے لیے کمیشن قائم کرے امریکہ کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے میں کچھ وقت لگے گا جس کیلئے ہم کوشاں ہیں وزیر خارجہ نے اعتراف کیا کہ افسوسناک پہلو یہ ہے کہ مسلم امہ میں اتفاق رائے نہیں ہے او آئی سی کے اجلاس میں گستاخانہ خاکوں کے حوالے سے پاکستان کو کامیابی ملی ہے پاکستان کی خواہش ہے کہ امت مسلمہ میں یکسوئی پیدا کی جائے ہم بھارت سے برابری کی بنیاد پر تعلقات چاہتے ہیں اور یہ تعلقات امن کیلئے ہیں ذاتی بزنس کو فروغ دینے کیلئے نہیں ہیں، پاکستان کے پہلے ہی بہت سے مسائل ہیں ہم کسی کے مسئلے میں نہیں پڑنا چاہتے سعودی عرب اور ایران اپنے معاملات خود حل کریں انہوں نے کہا کہ نیب ایک غیر جانبدار ادارہ ہے جس نے تحقیقات کے بعد شہباز شریف کو گرفتار کیا ہے نیب اور ہماری عدالتیں غیر جانبدارانہ انداز میں کام کر رہی ہیں شہباز شریف کی گرفتاری میں پی ٹی آئی کا کوئی کردار نہیں ہے اور نہ ہی شہباز شریف کے خلاف کیسز پی ٹی آئی نے بنائے ہیں۔
دوسری طرف متحدہ مجلس عمل کے صدر و جمعیت علماء اسلام کے سر براہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو بلایا کسی اور معاملہ میں اور گرفتار کسی او رمعاملہ میں کیا گیا ن لیگ کا پنجاب سے صفایا نہیں ہو سکتا جو جماعتیں عوام میں ہوتی ہیں ان کی جڑیں آسانی سے نہیں کاٹی جا سکتیں تمام حزب اختلاف متحد ہے اس مسئلہ کو پارلیمنٹ میں لے جایا جائیگا اور اس احتجاج کو بھر پور انداز میں قومی سطح پر اُجاگر کیا جائے گااپوزیشن ایک پیج پر ہے اور باقی ایک پیج پر آرہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم اسمبلی کے باہر زیادہ خطرناک ہوں گے، جیل جانے سے نہیں ڈرتے‘ ضمانت بھی نہیں کراؤں گا ۔ ہم عالمی اداروں کے غلام تبدیلی کے نعرے ’’جتھے دی کھوتی اوتھے آن کھلوتی‘‘ والی بات ہو گی وہ جامعہ صدیقیہ میں علماء کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔دوسری طرف جماعت اسلامی پنجاب کے سابق امیر و پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر سید وسیم اختر نے قومی معیشت کو کرپشن سود کی لعنت اور قرضوں کے بوجھ کا کینسر قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ سود کے خاتمہ سے قومی معیشت کو بہتر کر کے ملک ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن ہو سکتا ہے حکومت پہلے سو دنوں میں بہاولپور صوبہ کی بحالی اور جنوبی پنجاب صوبے کا قیام عمل میں لائے جس کا عمران خان نے وعدہ کیا تھا۔

مزید :

ایڈیشن 1 -