قومی ایشوز کو پارلیمنٹ کے ذریعے حل کرنا ملک کے بہترین مفاد میں ہے ، اسد قیصر
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور دیگر معاملات کو پارلیمنٹ کے ذریعے حل ہو نا چاہیے ، اہم قومی امو ر پر قانون سازی اسمبلی میں موجود تمام جماعتوں کے رہنماؤں کی مشاورت سے عمل میں لائی جائے ، عوام کو ریلیف دینے کیلئے قانون سازی کے عمل کو مزید فعال بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔ وہ گزشتہ روز وفاقی وزیر قانون انصاف فروغ نسیم سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔ ملاقات میں قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس او راہم قومی امور پر قانون سازی ، ملک میں موجودہ سیاسی صورتحال اور دیگر معاملات کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہاتمام قومی ایشوز کو بذریعہ پار لیمنٹ حل کرنا ملک کے بہترین مفاد میں ہے،امن و امان ، پانی ، توانائی بحران ختم اور معیشت کو استحکام دینے کیلئے قومی اسمبلی میں تفصیلی بحث کروانا چاہتا ہوں،ملکی سلامتی و معاشی استحکام کے حل کیلئے تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا ہو گا،قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل سے قانون سا ز ی کے عمل میں تیزی آئے گی ،ملک کو بحران سے نکالنا پارلیمنٹ میں موجود تمام جماعتوں کی قومی ذمہ داری ہے، قومی اسمبلی کے اجلاس کے ماحول کو پر امن رکھنے کیلئے ایوان میں موجود سب جماعتوں کے رہنماؤں کوکردار ادا کرنا ہوگا ،وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے کہاحکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے قانون سازی کرنے میں سنجیدہ ہے۔پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے بے شمار مسائل کے حل کیلئے قانون سازی ناگزیر ہے، اس موقع پروزیر قانون نے سپیکر کو ایوان کے تقدس میں اضافے اور ماحول کو پرامن رکھنے کیلئے حکومت کی طر ف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
اسد قیصر