علی پور چٹھہ ، اراضی کے تنازع پر چٹھہ گروپ کی ملہی گروپ پر فائرنگ ، باپ بیٹا قتل

علی پور چٹھہ ، اراضی کے تنازع پر چٹھہ گروپ کی ملہی گروپ پر فائرنگ ، باپ بیٹا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


علی پور چٹھہ(نمائندہ پاکستان)علی پور چٹھہ کے نواحی علاقہ مدن چک میں مخالف گروپ کی فائرنگ سے باپ بیٹا قتل۔مشہور زمانہ ملہی گروپ اورچٹھہ گروپ کے درمیان خونریزدشمنی مزید بڑھنے کاخدشہ ۔ چند ماہ قبل ملہی گروپ نے چٹھہ گروپ کے 4 افرادقتل کئے۔ اب جواب میں چٹھہ گروپ نے ملہی گروپ کے دو افراد (باپ بیٹے) کو قتل کردیا۔ عوامی سماجی حلقوں کا اظہار افسوس۔ تفصیلات کے مطابق قبرستان کی سرکاری اراضی پر قبضہ چھڑانے کی پاداش میں چند ماہ قبل نواحی موضع درگاہی والا کے ملہی گروپ نے یوسی نائب ناظم سمیت 2وارداتوں میں چٹھہ گروپ کے 4افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیاتھا جس پر ان کے خلاف تھانہ علی پور چٹھہ میں قتل کے مقدمات درج ہوئے اور اس میں کوئی قابل ذکر ملزم گرفتار نہ ہوسکا۔ عوامی دباؤ پر پولیس نے قتل میں ملوث ملہی گروپ کے ابو سفیان بھٹی کوگرفتار کرلیا جس کو بعدازاں جوڈیشل کردیا گیا۔ گزشتہ روز ابوسفیان کا بھائی 22 سالہ حبیب اللہ بھٹی اور 60سالہ والد عبدالرحمن بھٹی نواحی مدن چک میں اپنے ڈیرے پر بیٹھے تھے کہ نامعلوم مسلح موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے دونوں باپ بیٹے کو موت کے گھاٹ اتاردیا ۔پولیس تھانہ علی پور چٹھہ نے نعشیں قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے ٹی ایچ کیوہسپتال میں پہنچا دی ہیں اور مصروف تفتیش ہے ۔دریں اثنا علاقے کی مختلف سیاسی سماجی تنظیموں نے خون کی ہولی کھیلنے پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ یاد رہے کہ اب تک 6 افراد اس دشمنی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔ حالیہ مذکورہ واقعات کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا نمایاں ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -