مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس کرنے والے افسران کا سی پی آفس کا مطالعاتی دورہ

مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس کرنے والے افسران کا سی پی آفس کا مطالعاتی دورہ

  



لاہور (کرائم رپورٹر)نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ پشاور میں مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس کرنے والے مختلف محکموں کے سینئر افسران نے ایڈیشنل ڈائریکٹنگ سٹاف ڈاکٹر جاوید اقبال کی سربراہی میں سنٹرل پولیس آفس کا مطالعاتی دورہ کیا۔ وفد کے اراکین کو سی پی او کے کمیٹی روم میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب سجاد حسن منج نے پنجاب پولیس کے آپریشنل طریقہ کار اور آئی ٹی ریفارمز کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ۔ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس طارق مسعود یٰسین نے وفد میں شامل افسران کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے بتایا کہ سمارٹ اینڈ کمیونٹی پولیسنگ کے مطابق پنجاب پولیس عوام کی جان ومال کے تحفظ اور قانون کی حکمرانی کیلئے شب و روز مصروف عمل ہے جبکہ ڈولفن ، پیرو، اینٹی رائٹ فورس ،ریورائن اورسپیشل پروٹیکشن یونٹ کی تشکیل سے پنجاب پولیس کی استعداد کارمیں خاطر خواہ اضافہ ہو اہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ سی ٹی ڈی کے انٹیلی جنس بیسڈ کامیاب آپریشنز کی بدولت پنجاب میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور سماج دشمن عناصر کی فی الفور سرکوبی کیلئے دیگر صوبائی پولیس فورسزکے ساتھ انفارمیشن شئیرنگ اور کوارڈینیشن کا عمل بھی جاری ہے ۔ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز سجاد حسن منج نے وفد کے شرکا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے شروع کئے گئے پراجیکٹس جیساکہ فرنٹ ڈیسک، پولیس خدمت مراکز، کریمنل ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم ،8787کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم اورسیف سٹی اتھارٹی سمیت دیگر پراجیکٹس سے پولیس کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

وہیں دیگر صوبوں کی پولیس فورسز نے بھی پنجاب پولیس سے ان جدید سافٹ وئیرز کواپنے سسٹم کا حصہ بنایاہے۔انہوں نے وفد کے اراکین کو آئی ٹی ریفارمز، انتہا پسندی اور دہشت گردوں کی سرکوبی کیلئے جاری اقدامات کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے مزید بتایا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت صوبہ بھر میں لاؤ ڈ اسپیکر ایکٹ اورغیرقانونی فنڈ ریزنگ پر پابندی پر عمل در آمد کو سختی سے یقینی بنایا جارہا ہے اورجرائم پیشہ گروہوں کے خلاف زیروٹالریننس پالیسی کے تحت اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ دورے کے اختتام پر ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس طارق مسعود یٰسین نے مینجمنٹ کورس وفد کے سربرا ہ ڈاکٹر جاوید اقبال کو پنجاب پولیس کا سووینئیربھی پیش کیا۔

مزید : علاقائی