افغان تنازع کے سیاسی حل کیلئے بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے ، شاہ محمود

افغان تنازع کے سیاسی حل کیلئے بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے ، شاہ محمود

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی،صباح نیوز )امریکی نمائندہ خصوصی اور وزیر خارجہ شاہ محمود کے درمیان مستقبل میں تعاون پر اتفاق ہو گیا ، وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کیلئے امریکی کاوشوں کا خیر مقدم کرتا ہے،افغان تنازعہ کے سیاسی حل کیلئے بھی بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔ منگل کو امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی دفتر خارجہ آمد ہوئی جہاں انہوں نے شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی اور وزیر خارجہ کو اپنے دورہ کابل سے آگاہ کیا۔امریکی نمائندہ خصوصی اور وزیر خارجہ شاہ محمود کے درمیان مستقبل میں تعاون پر اتفاق کیا گیا جبکہ اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کیلئے امریکی کاوشوں کا خیر مقدم کرتا ہے اور افغان تنازعہ کے سیاسی حل کیلئے بھی بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔قبل ازیں پاکستان اور امریکہ کے درمیان افغان مصالحتی عمل کے بارے میں دفتر خارجہ میں وفود کی سطح کی بات چیت ہوئی۔ پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ جبکہ امریکی وفدکی قیادت افغانستان کے بارے میں امریکہ کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد نے کی۔ فریقین نے افغانستان کی صورتحال اور اس کے مفاہمتی عمل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ دونوں طرف سے سکیورٹی ،دفاع اور سفارتی عہدیداروں نے وفود کی سطح کی بات چیت میں شرکت کی۔

اتفاق

کابل(آئی این پی ) امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان عمل زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ جنگ مشکل ہے لیکن امن بھی آسان نہیں لہٰذاطالبان اور افغان حکومت امن مذاکرات کیلئے ایک بااختیار ٹیم بنائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستا ن روانگی سے قبل کابل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے افغان عمل زلمے خلیل زاد نے کہا کہ وہ امریکی حکومت کی جامع ٹیم کی سربراہی کر رہے ہیں جس میں سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ، پینٹاگون، وائٹ ہاؤس اور دیگر سکیورٹی ایجنسیوں کے ارکان بھی شامل ہیں۔ امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے افغان عمل زلمے خلیل زاد10 روزہ دورے میں دوحا، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب بھی جائیں گے۔

مزید : صفحہ اول