احتساب عدالت نے شریف فیملی کیخلاف نیب ریفرنسز کا ٹرائل مکمل کرنے کیلئے پھر مہلت مانگ لی ، سپریم کورٹ کو دوبارہ خط ارسال

احتساب عدالت نے شریف فیملی کیخلاف نیب ریفرنسز کا ٹرائل مکمل کرنے کیلئے پھر ...

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے نیب ریفرنس کے ٹرائل کی مدت بڑھانے کیلئے سپریم کورٹ آف پاکستان کو خط لکھ دیا ہے۔گزشتہ روز احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے سابق وزیراعظم نوازشریف کیخلاف نیب ریفرنسز کے ٹرائل کی مدت بڑھانے کیلئے سپریم کورٹ کو خط لکھ دیا ہے ،خط میں کہا گیا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کیخلاف ٹرائل مکمل کرنے کیلئے مدت میں توسیع کی جائے خط کے ذریعے ٹرائل میں ہونی والی پیشرفت سے بھی آگاہ کیاگیا۔واضح رہے کہ نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کا ٹرائل مکمل کرنے کی سپریم کورٹ کی پانچویں ڈیڈ لائن ختم ہوچکی ہے۔ سپریم کورٹ نے 26 اگست کو نواز شریف کے خلاف دونوں ریفرنسز کا ٹرائل مکمل کرنے کیلئے 6 ہفتوں کا وقت دیا تھا جو ختم ہو چکا ہے۔سپریم کورٹ نواز شریف اور ان کے بچوں کیخلاف ٹرائل مکمل کرنے کیلئے ڈیڈ لائن میں چار بار توسیع کر چکی ہے۔عدالت عظمیٰ نے ابتدائی طور پر ریفرنسز پر فیصلے کیلئے 6 ماہ کا وقت دیا لیکن ٹرائل مکمل نہ ہونے پر پہلے تین ماہ پھر ایک ماہ اور دو مرتبہ چھ، چھ ہفتوں کا وقت دیا تھا۔

مزید : صفحہ اول