اقوام متحدہ میں امریکی مندوب نکی ہیلی مستعفی ہوگئیں

اقوام متحدہ میں امریکی مندوب نکی ہیلی مستعفی ہوگئیں

  



واشنگٹن (اظہر زمان، بیوروچیف) اقوام متحدہ میں امریکہ کی مستقل مندوب نکی ہیلی اپنے عہدہ سے مستعفی ہوگئی ہیں۔ وہ بھارتی سکھ خاندان سے تعلق رکھتی ہیں اور امریکی ریاست ساؤتھ کیرولینا کی گورنر رہ چکی ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے ایک اعلان کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان کے مستعفی ہونیکی تصدیق کر دی ہے ۔ریپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والی ساؤتھ کیرولینا کی سابق گو رنر نکی ہیلی کے بارے میں شنید ہے وہ 2020ء میں ہونیوالے صدارتی انتخابات میں پارٹی ٹکٹ کی امیدوار ہوسکتی ہیں۔ موجودہ نائب صد ر مائیک پینس کے صدارتی امیدوار بننے کی صورت میں وہ ان کی ٹیم میں نائب صدر کے امیدوار کے طور پر بھی شامل ہوسکتی ہیں، تاہم مستعفی ہونے کے اعلان کے بعد انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اس تاثر کی تردید کی اور بتایا وہ صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گی۔ 46 سالہ ہیلی نومبر 2016ء میں اقوام متحدہ میں امریکہ کے مستقل مندوب کے عہدے پر فائز ہوئی تھیں۔

مزید : صفحہ اول