گورنرسندھ سے معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کی ملاقات

گورنرسندھ سے معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کی ملاقات

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنرسندھ عمران اسماعیل سے معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے گورنرہاؤس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں وطن عزیز کی سلامتی اور استحکام کے لئے دعا ، عدل وانصاف ، مساوات ، برابری اور عوام کے معیار زندگی بلند کرنے کے حکومتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام حاصل کی جانے والی ریاست ہے جس کے قیام میں لاکھوں مسلمانوں نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ، پاکستان کو اس کے اصل مقصد کے مطابق ڈھالنے کے لئے موجودہ حکومت بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے با الخصوص عام آدمی کا معیار زندگی بلند اور انھیں روزگار کے مواقع فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ، اسلام میں انسانیت کا واضح احترام موجود ہے اس احترام انسانیت کے لئے وطن عزیز میں وزیر اعظم پاکستان اپنے وژن کے مطابق شب و روز کام کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ علما کرام محراب و منبر سے اسلام کے پیغام کو عام کریں تاکہ معاشرہ میں عدم برداشت کے رویہ کا خاتمہ ممکن ہو سکے ۔ ملاقات میں معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے پاکستان کی سلامتی و استحکام کے دعا بھی کی ۔ انہوں نے کہا کہ اچھی اور دیانت دار قیادت قدرت کا انمول تحفہ ہوتا ہے ، عمران خان کی قیادت سے عوام کو بڑی توقعات وابستہ ہیں ۔

مزید : کراچی صفحہ اول