دہشتگردوں کو پناہ کا کیس، گواہ نے عامر خان کو پہچان لیا

دہشتگردوں کو پناہ کا کیس، گواہ نے عامر خان کو پہچان لیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں 90 میں دہشت گردوں کو پناہ دینے سے متعلق مقدمے کی سماعت کے دوران مقدمے کیگواہ ،رینجرز کے ڈی ایس آر ریاض نے عامر خان کو شناخت کرلیا۔کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں 90 میں دہشت گردوں کو پناہ دینے سے متعلق مقدمے کی سماعت ہوئی،ایم کیو ایم رہنما عامر خان ،منہاج قاضی اور رئیس مماعدالت میں پیش ہوئے۔اس موقع پر رینجرز کے تفیشی افسر اور گواہ ڈی ایس آر ریاض نے عامر خان کو شناخت کرلیا اور اپنا بیان قلمبند بند کرایا۔رینجرز افسر نے اپنے بیان میں کہا کہ 11مارچ 2015 کو ایم کیو ایم مرکزنائن زیرو پر آپریشن کیا گیا،عامر خان کو خورشید میموریل ہال سے گرفتار کیا تھا۔رینجرز کے افسر کے بیان قلمبند ہونے کے بعد عامر خان کے وکیل آئندہ سماعت پر گواہ کے بیان پر جرح کریں گے ۔انسداد دہشت گردی عدالت نے سماعت 20 اکتوبر تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ دہشت گردوں کو پناہ دینے کے مقدمے میں نامزد عامر خان سمیت تین ملزمان پر پہلے ترمیمی فرد جرم عائد کی جاچکی ہے جب کہ ملزمان عمران نیازی اور نعیم کو اشتہاری قرار دیا جاچکا ہے۔پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف عزیز آباد تھانے میں مقدمہ درج ہے اور عامر خان ضمانت پر رہا ہیں۔

مزید : کراچی صفحہ اول