فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ کی کارروائی ،لاغر جانور فروخت کرنیوالا گینگ بے نقاب
پشاور (سٹی رپورٹر)خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے منگل کو کاروائی کرتے ہوئے بیمار اور لاغر جانور فروخت کرنے والے گینگ کو بے نقاب کردیا۔ اتھارٹی حکام نے گاڑی میں پڑی ذبح شدہ بھینس کا پیچھا کرتے ہوئے سپلائی کرنے والے گینگ کو گرفتار کرلیا ہے۔ ترجمان کے پی فوڈ اتھارٹی عطااللہ خان کے مطابق گینگ پنجاب سے بیمار جانور سستے داموں خرید کر کباب اور قیمہ فروشوں کو بھیچتے ہیں۔ اتھارٹی حکام نے بدھ کو گاڑی میں پڑے ذبح شدہ بھینس کا پیچھا کیا اور رنگ روڈ پر بھینس کو قبضے میں لیکر ڈبلیو ایس ایس پی کی جگہ پر ٹھکانے لگادیا گیا۔ ڈرائیور کو پکڑ کر گینگ تک رسائی ممکن ہوئی۔ گینگ کے تین بندوں کے زریعے دیگر افراد کی گرفتاری کیلئے سراغ لگایا جارہا ہے۔ ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھینس کا معائنہ کرنے پر پتہ چلا کہ بھینس پہلے سے ذبح شدہ تھی اور جسم میں کھیڑے پڑ چکے تھے جس کے بعد بھینس کو ڈبلیو ایس ایس پی کی جگہ پر ٹھکانے لگایا گیا۔