عبد الولی خان یونیورسٹی اعلٰی تعلیم کی فراہمی کے شعبے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے : تیمور سلیم جھگڑا

عبد الولی خان یونیورسٹی اعلٰی تعلیم کی فراہمی کے شعبے میں اہم کردار ادا کر ...

پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑ ا نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی خصوصی ہدایت پر منگل کے روز عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کو درپیش مختلف مسائل سے آگاہی حاصل کرنے کے لئے مردان کیمپس کا دورہ کیا۔ یونیورسٹی آمد پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خورشید خان نے وزیر خزانہ کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف نیومیریکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر اورنگزیب ، ڈین فیکلٹی آف لائف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر سلطان اور رجسٹرار عادل خا ن کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ وزیر خزانہ نے یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔انہوں نے یونیورسٹی میں زیر تعمیر بلاکس کا بھی معائنہ کیا اور تعمیراتی کا م کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے وزیر خزانہ کو تعلیم کی فراہمی میں یونیورسٹی انتظامیہ اور طلباء کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا ۔ صوبائی وزیر نے معائنے کے دوران مختلف فیکلٹی ممبران اور طلباء سے بھی ملاقات کی اور انکے مسائل سے آگاہی حاصل کی۔ تیمور سلیم جھگڑا نے کہاکہ دشواریوں اور مشکل حالات کے باوجود یونیورسٹی اساتذہ اور طلباء کا اعلی تعلیم کے حصول کا عزم لائق تحسین ہے۔ انہوں نے انتظامیہ اور طلباء کو یقین دلایا کہ صوبائی حکومت عبدالولی خان یونیورسٹی سمیت دیگر اعلی تعلیمی سرکاری اداروں کے مسائل اور مشکلات کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کریگی۔ انہوں نے کہاکہ عبدالولی خان یونیورسٹی اعلی تعلیم کی فراہمی کے شعبے میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہی ہے لہذا حکومت اس کی استعداد کار میں مزید اضافے کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے گی۔ قبل ازیں وزیر خزانہ نے عبدالولی خان یونیورسٹی کے احاطے میں یادگار کے طورپر پودا بھی لگایا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر