شہباز شریف کی گرفتاری ، آج پنجاب اسمبلی ،کل پارلیمنٹ کے گیٹ پر اپوزیشن کااجلاس طلب

شہباز شریف کی گرفتاری ، آج پنجاب اسمبلی ،کل پارلیمنٹ کے گیٹ پر اپوزیشن ...

  



اسلام آباد، لاہور (این این آئی،جنرل رپورٹر، نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ ن نے پارلیمنٹ ہاؤس کے گیٹ کے سامنے اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ اجلاس طلب کر لیا،آج پنجاب اسمبلی کی سیڑھیوں پر بھی بطور احتجاج اسمبلی اجلاس منعقد کرنے کا اعلان۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن نے پارلیمنٹ ہاؤس کے گیٹ کے سامنے اپوزیشن جماعتوں کے ارکان سینیٹ و قومی اسمبلی کا مشترکہ اجلاس طلب کر لیا ۔ اجلاس جمعرات 11 اکتوبر کی سہ پہر 3 بجے ہو گا سابق سپیکر قومی اسمبلی سردا ایازصادق کی طرف سے جاری کردہ آرڈر میں کہا گیا ہے کہ اجلاس پارلیمینٹ ہاؤس کے گیٹ نمبر ایک پر ہو گا ۔اجلاس میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کی گرفتاری کو زیر بحث لایا جائے گا ۔ میاں شہبازشریف کی گرفتاری کی بعد اپوزیشن ارکان نے قومی اسمبلی اجلاس بلانے کی ریکوزیشن جمع کروائی تھی ریکوزیشن جمع ہونے کے 14 روز کے اندر اجلاس بلانا ضروری ہوتا ہے اپوزیشن کے وفد نے ہفتہ کو سپیکر اسد قیصر سے ملاقات کر کے استدعا کی تھی کہ اس اہم معاملے پر بحث کے لئے فوری طور پر اجلاس بلایا جائے تاہم سپیکر کی طرف سے اپوزیشن کی استدعا قبول نہ کئے جانے پر سابق سپیکر سردار ایازصادق نے احتجاجاً مشترکہ اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس کے گیٹ نمبر ایک پر طلب کر لیا جس میں قومی اسمبلی و سینیٹ کے حزب اختلاف اختلاف کے ارکان شریک ہونگے۔دریں اثنامسلم لیگ (ن) نے پارٹی کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حز ب اختلاف میاں محمد شہباز شریف کی گرفتاری کیخلاف آج پنجاب اسمبلی کی سیڑھیوں پر بطور احتجاج اسمبلی کا اجلاس منعقد کرنے کا اعلان کر دیا ہے اپوزیشن کا یہ اجلاس سہ پہر تین بجے منعقد ہوگا جس کی صدارت سابق سپیکر و ایم پی اے رانا محمد اقبال خاں کریں گے اس اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے اراکین کو اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ یہاں پر یہ امر قابل زکر ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے پارٹی صدر محمد شہباز شریف کی گرفتاری کے ایشو پر گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کا فوری اجلاس بلانے کیلئے ایک ریکوزیشن جمع کروائی گئی تھی جس میں ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی گرفتاری سے حکومتی بوکھلاہٹ صاف عیاں ہے،ضمنی الیکشن سے قبل شہباز شریف کو گرفتار کرنا عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی ایک اور کوشش ہے الیکشن سے قبل مسلم لیگ(ن) کے قائدین کو گرفتار کروایا جاتا ہے ۔

مزید : کراچی صفحہ اول