عوام کی بلا امتیاز خدمت پر یقین رکھتے ہیں ،علی محمد خان

عوام کی بلا امتیاز خدمت پر یقین رکھتے ہیں ،علی محمد خان

مردان(بیورورپورٹ)وفاقی وزیر مملکت برائے پارلیمانی اُمور علی محمد خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت عوام کی بلا امتیاز خدمت پر یقین رکھتی ہے اور قومی تعمیر کے محکموں کے افسران پر لازم ہے کہ وہ لوگوں کے مسائل کے حل میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کریں ۔یہ بات اُنہوں نے یہاں کمشنر آفس میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔جس میں ضلع مردان اور صوابی کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔اس موقع پر ۔ایم پی اے افتخار مشوانی، ڈپٹی کمشنر مردان عثمان خان محسود ، ڈی سی صوابی سلمان خان لودھی ، منتخب کونسلرز اور دیگر بھی موجود تھے ۔وزیر مملکت نے سرکاری افسروں کو ہدایت کی کہ حکومت کی پالیسیوں کی من وعن پیروی کرتے ہوئے عوام کو درپیش مسائل حل کریں اور اس ضمن میں کسی سیاسی یا گروہی وابستگی کو ملحوظ خاطر نہ رکھیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمارا ایجنڈا دیگر سیاسی جماعتوں کی طرح نہیں جو صرف اور صرف اپنے ورکروں کو نوازتے رہے ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت قومی اداروں کے بارے میں عوام کے منفی تاثر کو ذائل کرنا چاہتی ہے تاہم یہ تب ہی ممکن ہے کہ جب اداروں کے سربراہان اپنے رویوں کو لوگوں کے لیے مثبت رکھیں اور ان کے مسائل کے حل میں دلچسپی لیں ۔کھلی کچہری میں لوگوں نے وفاقی وزیر مملکت کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا جس پر اُنہوں نے موقع پر موجود افسروں اور حکام سے وضاحت طلب کی اور ان کے فوری حل کی ہدایت کی ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر