راولپنڈی محکمہ اوقاف میں بے ضابطگیوں کی رپورٹ طلب

راولپنڈی محکمہ اوقاف میں بے ضابطگیوں کی رپورٹ طلب

اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم نے ملک بھر میں بالخصوص راولپنڈی ڈویژن کے محکمہ اوقاف میں بے ضابطگیوں سے متعلق رپورٹ طلب کرلی ہے ۔پنجاب سمیت راولپنڈی ڈویژن کی زمینوں کی تقسیم اور قبضوں سے متعلق وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ اگلے ہفتے میں دی جائے گی ۔ معتبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو ابتدائی طور پر بتایا گیا کہ محکمہ اوقاف میں سابق چیئرمین اوقاف صدیق الفاروق کے دور میں اوقاف کی سینکڑوں ایکڑ اراضی غیر مستحق افراد کو دے کر کروڑوں روپے کمائے گئے اور وفاقی دارالحکومت سمیت راولپنڈی ڈویژن میں قیمتی زمینوں ، فلیٹس ، دکانیں ،گھر پر قابضین سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا ۔دوسری جانب وزیراعظم نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ کسی بھی محکمہ میں کرپشن نہ قابل برداشت ہے اور محکمہ اوقاف میں کرپشن اور کرپشن کرنیوالوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کے مذکورہ افسران نے وزیراعظم کو بریفنگ دینے کیلئے نام نہاد قسم کی فہرست تیار کرنا شروع کردی ہے اور اس کی اطلاعات بھی وزیراعظم کو موصول ہوچکی ہیں۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ راولپنڈی ڈویژن میں سینکڑوں کنال اراضی ایسی موجود ہے جو کہ متعدد سالوں سے سرکاری فیسوں کیساتھ الاٹ کردی گئی تاہم انہیں قبضہ دلانے کے لئے بھاری رقوم کا مطالبہ کیا جاتا ہے جو کہ الاٹیز دینے کی طاقت نہیں رکھتے ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر