پی این ایس سیف کا ترکی کی بندرگاہ اکساز کا دورہ

پی این ایس سیف کا ترکی کی بندرگاہ اکساز کا دورہ

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس سیف نے ترکی کی بندرگاہ اکساز کا دورہ کیا اور دو طرفہ بحری مشقوں MAVI BALINA او ر دوسری پاک ترک باہمی مشق TURGUTREIS-II میں حصہ لیا۔ان مشقوں کا مقصد دونوں بحری افواج کے مابین مشترکہ حربی، فنی اور عملی صلاحیتوں کے فروغ کے ذریعے آپریشنل صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہے۔ پی این ایس سیف جدید اسلحے اور سنسرز سے لیس میری ٹائم آپریشنز میں مختلف النوع خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اکساز کی بندرگاہ آمدپرترکی میں تعینات پاکستان کے نیول اتاشی اور ترک بحریہ کے افسران نے جہاز کا پرتپاک استقبال کیا۔ مشق MAVI BALINA تین مراحل ہاربر، سی فیز اور تجزیاتی / ڈی بریف فیز پر مشتمل تھی۔مشق کا ہاربرفیز 27 سے 29 ستمبر تک اکساز ترکی میں منعقد کیا گیا جس کا مقصد دونوں بحری افواج کے مابین بات چیت کے مواقع فراہم کرنا اور پری سیل کانفرنسز، کوآرڈینیشن میٹنگز اور کمیونیکیشن چیکس کا انعقاد تھا۔مشرقی بحیرہ روم میں MAVI BALINA مشق کا سی فیز 30 ستمبر سے 06 اکتوبر 18تک جبکہTURGUTREIS-II مشق کا انعقاد 08 سے 09 اکتوبر18 تک کیا گیا۔مشقوں کے دور ان تمام میری ٹائم اور نیول آپریشنز سے متعلق بنیادی سطح کی مشقوں سے لے کر اعلیٰ سطح کی مشقیں کی گئیں جن میں کمبائنڈ اینٹی سب میرین ، ایئر ڈیفنس، گنری فائرنگز اور سرفس وار فیئر کی مشقیں شامل تھیں۔ دونوں بحری افواج نے ان مشقوں سے باہمی پیشہ ورانہ استفادہ حاصل کیا۔دورے کے دوران کمانڈر کراچی، ریئر ایڈمرل آصف خالق نے سربراہ پاک بحریہ کی نمائندگی کی۔آپ نے ترک بحریہ کے سینئر افسران اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کیں جس میں ریئر ایڈمرل سیمیح اوزنگک Rear Admiral Semih Ozanguc ، فلیگ آفیسر کمانڈنگ اکساز نیول بیس او ر ریئر ایڈمرل حسن اوزیر ت Rear Admiral Hasan Ozyurt ، سدر ن ٹاسک گروپ کمانڈر شامل تھے۔ملاقات کے دوران، کمانڈر کراچی نے ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی جانب سے ترک عوام کے لئے بالعموم اور ترک بحریہ کے لئے بالخصوص نیک تمنات کا اظہار کیا۔ ریئر ایڈمرل آصف خالق نے پاک بحریہ کے جہاز کے دورے اور مشقوں میں بھرپور تعاون پر ترک بحریہ اور اکساز پورٹ اتھاریٹیز کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ ترکی اور پاکستان کے مابین برادرانہ تعلقات اور دیرینہ روابط ہیں۔ تاریخی اعتبار سے خیر سگالی دورے بحری افواج کے مابین مراسم مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔ ان تعلقات کی بنا پر پاکستان اور ترکی میں بحری تعاون، سینئر افسروں کے دوروں، بحری جہاز وں کی تعمیر ، تربیتی تعاون، مشقوں اور نمائشوں کا انعقاد پاک بحریہ اور ترک بحریہ کے مابین مضبوط تعلقات کا مظہر ہے۔مشترکہ مشقوں میں پی این ایس سیف کی شرکت سے نہ صرف پاکستان اور ترکی کے مابین دوستانہ تعلقات استوار ہوں گے بلکہ حکومت پاکستان کی برادرانہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کی پالیسی کو بھی تقویت ملے گی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر