حکیم محمد سعید سچے عاشق رسولؐ اور محب وطن پاکستانی تھے،عبد اللہ گل

حکیم محمد سعید سچے عاشق رسولؐ اور محب وطن پاکستانی تھے،عبد اللہ گل

  



راولپنڈی(سٹی رپورٹر)تحریک جوانانِ پاکستان و کشمیر کے چیئرمین عبداللہ گل نے کہا ہے کہ حکیم محمد سعید شہید سچے عاشق رسولؐ اور محب وطن پاکستانی تھے قوم کے نونہالوں میں اخلاق، تعلیم وتربیت اورصحت کو عام کرنے کے لیے ساری زندگی کام کیا آپ جوانوں میں عقابی روح بیدار کرنے کے خواہاں تھے آپ حقیقی معانی میں صادق و امین تھے جب آپ کو گورنر نامزد کیا گیا تو جنرل حمید گل نے کہا کہ ان جیسا گورنر پاکستان کو نہیں ملے گا۔حکیم سعید نے چنگیزیت کے خلاف آواز بلند کی جس کی وجہ سے انہیں شہید کرکے راستے سے ہٹادیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہمدرد نونہال اسمبلی کے ماہانہ اجلاس سے اپنے صدارتی خطاب میں کیا اجلاس کا موضوع ’’شہید حکیم محمد سعید ایثار، ہمدردی اور محبت کا پیکر‘‘تھا۔ مہمانِ خصوصی ممتاز ماہر تعلیم نورجہاں قریشی تھیں، انہوں نے کہا کہ حکیم سعیدشہید ایک عظیم انسان تھے جنہوں نے اپنی شبانہ روز محنت سے ہمدرد اور دیگر کئی اداروں کا قیام عمل میں لایا اورپھر اپنا سب کچھ اس ملک وقوم کے لیے وقف کردیا، سعدیہ راشدان کے نقش قدم پر چل رہی ہیں اور ملک وقوم کی خدمت میں ہمہ تن مصروف ہیں ۔ اسمبلی میں راولپنڈی/اسلام آباد کے سکولوں کے طلبہ و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ صدر ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان سعدیہ راشد نے کہا کہ حکیم محمد سعید شہید اپنے تمام وسائل اور صلاحیتوں کے ساتھ دکھی انسانوں کے دکھ اور تکلیف میں کام آئے انہوں نے اپنی زندگی میں ایثار، ہمدردی اور محبت کو فروغ دیا۔اسمبلی میں طلبہ و طالبات نے موضوع کے مطابق تقاریر کیں اور حکیم محمد سعید کو ان کی طبی، سماجی، تعلیمی اور قومی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا۔ جب کہ رنگا رنگ ٹیبلو، خاکے اور ملی نغمے بھی پیش کیے گئے بعدازاں عبداللہ اورنورقریشی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والے نونہالوں میں انعامات تقسیم کیے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر